جموں میں اراضی تنازعہ پر قتل کا معاملہ | پولیس نے درج کیس کی کارروائی مزید تیز کر دی

عظمیٰ نیوز سروس

جموں //جموں و کشمیر پولیس نے زمینی تنازعہ پر ایک شخص کے قتل کی جاری تحقیقات میں اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں اور مشتبہ افراد کی رہائش گاہوں پر متعدد چھاپے مارے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ یکم مئی کو پیش آیا، جب اوتار سنگھ (40) ولد بلبیر سنگھ کے سر پر لوہے کی سلاخ سے وار کیا گیا اور زمین کے ٹکڑے پر اپنا دعویٰ کرنے والے دو گروپوں کے درمیان جھگڑے کے دوران بہت زیادہ خون بہنے کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی۔پولیس نے بتایا کہ متوفی کے اہل خانہ اور رشتہ داروں سمیت ایک مشتعل ہجوم نے جموں-پٹھانکوٹ قومی شاہراہ پر کالو چک روڈ کو بلاک کر دیا اور قتل کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے کہاکہ گریٹر کیلاش قتل کیس میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ان کے گھروں پر چھاپے مارنے کے ساتھ ساتھ جرائم میں ملوث دو گاڑیوں کو بھی تحویل میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے جائے وقوعہ کے آس پاس کے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی اور متعلقہ شواہد کو ڈیجیٹل طور پر اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ پولیس جرم کو حل کرنے اور اس کی بنیادی وجوہات پر حملہ کرنے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کیس کے سلسلے میں اب تک آٹھ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔قتل کے سلسلے میں دو پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا اور محکمانہ انکوائری کا حکم دیا گیا۔