راجوری انتظامیہ نے تعلیمی شعبے کے پروجیکٹوں و دیگر سکیموں کا جائزہ لیا

راجوری//ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے ضلع کیپیکس بجٹ اور دیگر اسکیموں کے تحت شروع کئے گئے گئے تعلیمی سیکٹر کے پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ 2022-23 کے تحت کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ 58 کاموں میں سے 19 کام مکمل ہیں۔ ڈی ڈی سی نے ہر پروجیکٹ کی حالت کا جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ کام کو وقت پر مکمل کرنے کے لئے ہم آہنگی برقرار رکھیں۔سمارٹ کلاس رومز کی تعمیر کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ 20 ایس سی آرز میں سے 19 مکمل ہو چکے ہیں جبکہ بی اے ڈی پی کے تحت منظور شدہ ایک کام بھی ہر لحاظ سے مکمل ہے۔ایس ایس وائی پروجیکٹس کے تحت ایجوکیشن سیکٹر کے بارے میں بتایا گیا کہ 7 مجوزہ کاموں میں سے 05 کاموں کے ٹینڈرز الاٹ ہو چکے ہیں۔ڈی ڈی سی نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ پروجیکٹوں پر پیشرفت کو تیز کریں تاکہ انہیں پہلے سے طے شدہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کیا جاسکے۔انہوں نے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ترقیاتی کاموں کی کڑی نگرانی پر بھی زور دیا اور واضح کیا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈی ڈی سی نے متعلقہ افسران کو ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹوں کو بروقت حل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ کاموں کی آسانی سے تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔