راجستھان میں خوفناک سڑک حادثہ، 7 ہلاک

عظمیٰ نیوزڈیسک

راجستھان// راجستھان کے سیکر ضلع کے فتح پور میں قومی شاہراہ پر ایک کار پیچھے سے جا رہے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ جس کی وجہ سے دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ کچھ ہی دیر میں آگ نے دونوں گاڑیوں کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث کار میں سوار 7 افراد زندہ جل گئے۔ ہائی وے پر حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔ ساتھ ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔کوتوال سبھاش بجرانیان نے بتایا کہ ٹرک کے پیچھے جا رہی کار فتح پور کے قریب سالاسر پلیا پر چورو کی طرف جا رہے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کی وجہ سے ٹرک اور کار دونوں میں آگ لگ گئی۔ کار میں نصب گیس کٹ کی وجہ سے آگ نے ایسی خوفناک شکل اختیار کر لی، جس کے باعث کار میں سوار ساتوں افراد زندہ جل گئے۔ ان میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔ ساتھ ہی ٹرک میں دھاگے کے رول رکھے گئے تھے جس کی وجہ سے ان میں بھی آگ لگ گئی۔ مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس نے تمام مرنے والوں کی لاشوں کو مقامی سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بھیج دیا ہے۔پولیس کے مطابق جب کار میں ملے موبائل فون کو آن کیا گیا تو متوفی کے رشتہ داروں سے بات کی گئی، جس کے مطابق تمام مرنے والے میرٹھ کے رہنے والے ہیں اور سالاسر بالاجی کا دورہ کرکے واپس میرٹھ جارہے تھے۔ اس دوران وہ فتح پور کے قریب حادثے کا شکار ہو گیے۔مرنے والوں میں نیلم بیوی مکیش گوئل، آشوتوش ولد مکیش گوئل، منجو بیوی مہیش بندل، ہاردک ولد مہیش بندل، سواتی بیوی ہاردک بندل، دیکشا بیٹی ہاردک بندل اور ایک چھوٹی بچی شامل ہیں۔ پولیس نے متوفی کے اہل خانہ کو اطلاع کر دی ہے۔