دیسی ٹیکنالوجی کے کروز میزائل کی کامیاب پرواز وزیردفاع کی ڈی آر ڈی اوسائنسدانوں کو مبارکباد

 یواین آئی

نئی دہلی// ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) نے جمعرات کو اوڈیشہ کے ساحل سے دور انٹیگریٹڈ ٹیسٹ رینج، دیپور سے دیسی ٹیکنالوجی سے تیارکردہ کروز میزائل (آئی ٹی سی ایم) کا کامیاب تجربہ کیا۔ وزارت دفاع کے مطابق تجربے کے دوران میزائل کے تمام ذیلی نظاموں نے توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ میزائل ٹیسٹ کی نگرانی متعدد سینسر جیسے ریڈار، الیکٹرو آپٹیکل ٹریکنگ سسٹم اور ٹیسٹ رینج پر مختلف مقامات پر تعینات ٹیلی میٹری کے ذریعے کی گئی۔ فضائیہ کے سخوئی طیارے سے بھی میزائل کی پرواز کی نگرانی کی گئی۔

 

اس کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کے ذریعے گیس ٹربائن ریسرچ اسٹیبلشمنٹ ( جی ٹی آر ای )، بنگلور کے ذریعہ تیار کردہ دیسی پروپلشن سسٹم کو بھی آزمایا گیا۔ یہ میزائل اعلیٰ اور قابل اعتماد کارکردگی کے لیے جدید ایویونکس اور سافٹ ویئر سے بھی لیس ہے۔ یہ میزائل بنگلورو میں واقع ڈی آر ڈی او لیباریٹری ایروناٹیکل ڈیولپمنٹ اسٹیبلشمنٹ ( اے ڈی ای ) نے دیگر لیباریٹریوں اور ہندوستانی صنعتوں کے تعاون سے تیار کیا ہے۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آئی ٹی سی ایم کے کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کے لیے ڈی آر ڈی او کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیسی پروپلشن سے چلنے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے سبسونک دیسی کروز میزائل کی کامیاب ترقی ہندوستانی دفاعی تحقیق اور ترقی کے لیے ایک سنگ میل ہے۔ڈاکٹر سمیر وی کامت، سکریٹری، محکمہ دفاعی تحقیق اور ترقی اور چیئرمین، ڈی آر ڈی او نے آئی ٹی سی ایم کے کامیاب فلائٹ ٹیسٹ پر ڈی آر ڈی او کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔