خطہ پیر پنچال میں بارشوں کا سلسلہ جاری ،سردی میں اضافہ کسانوں میں تشویش کی لہر

 حسب پیشگوئی بارش کا سلسلہ اگلے چوبیس گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان

عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی// راجوری پونچھ کے پہاڑی اور میدانی علاقوں میں جمعہ کی رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مختصر وقفے کے بعد سنیچر کے روز بعد سب ڈویژن تھنہ منڈی میں بارش کاسلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہوا۔ اس دوران تحصیل تھنہ منڈی اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش اور سرد ہواوں کے باعث موسم میں سردی کا احساس ہونے لگا ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث نواحی و بالائی علاقوں کے ندی نالوں میں پانی بھر گیا ہے۔ شدید بارش کے باعث مختلف مقامات پر بجلی کی سپلائی بھی متاثر رہی تاہم متعلقہ محکمہ کے ملازمین نے فوری طور پر بجلی کی ترسیلی لائنیں درست کر کے سپلائی بحال کر دی جس سے عام لوگوں کو راحت محسوس ہوئی۔

 

دوسری جانب اس پورے علاقے میں لگاتار ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور لوگ گرم ملبوسات زیب تن کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ سب ڈویژن تھنہ منڈی کے پہاڑی علاقوں میں بسنے والے متعدد کسان بے موسمی بارشوں سے سخت پریشان ہیں اور پورے علاقے میں خوراک کی پیداوار میں کمی کے خوف سے ہراساں ہیں۔ کسانوں نے میڈیا کو بتایا کہ سب ڈویژن تھنہ منڈی کے بالائی علاقوں میں مکئی کی بوائی کا موسم، موسم سرما کے فوراً بعد ہی شروع ہو جاتا ہے۔ مگر اس سال کی بے موسمی بارشوں کی وجہ سے آج تک اکثر کسان مکئی کی فصل کی بوائی نہیں کر سکے جو مال مویشی کے چارے کے ساتھ ساتھ ان کی روزی روٹی کا ذریعہ بھی ہے، اور گھر کی خوراک اور جانوروں کے چارے کا انحصار بھی اسی فصل پر ہے، مگر بارش کے انداز میں تبدیلی کے باعث کافی عرصے سے مکی کی فصل ضائع ہورہی۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں میں وقفے وقفے سے ہلکے سے درمیانہ درجے کی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس بے موسمی بارش سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچا ہے۔ رات گئے سے بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے اس بے موسمی بارش نے سب کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے گندم کی فصل خراب ہونے لگی ہے۔