جموں کشمیر بینک پونچھ میں کیش ری سائیکل مشین نصب

حسین محتشم

پونچھ//جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر جموں کشمیر بینک کی صدر شاخ میں اپنی نوعیت کی پہلی اور اعلیٰ تکنیکی بینکنگ کی سہولیات سے لیس کیش ریسائیکل مشین نصب کی گئی جس کا جموں کشمیر بینک کے ڈی جی ایم راجوری زون ستیش کمار نے میونسپل کونسل پونچھ کے چیئرمین سنیل کمار شرما کے ہمراہ افتتاح کیا۔اس دوران جموں کشمیر بینک کے منیجردیپک بھان کی زیرِسرپرستی ایک خاص تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں میونسپل کونسل پونچھ کے چیئرمین ایڈوکیٹ سنیل شرما مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک رہے جبکہ بی جے پی کے سینئر لیڈر و پہاڑی مورچہ کے ضلع کنوینر شہزاد خان مہمانِ اعزازی کے طور پر موجود رہے۔ سینئر بی جے پی لیڈر شہزاد خان نے جموں کشمیر بینک کی جانب سے سی آر ایم مشین نصب کرنے کی پہل کو سراہتے ہوئے بینک کے منیجردیپک بھان کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے اس طرح کی پہل کر وزیراعظم ہند نریندر مودی کے خواب ڈیجیٹل انڈیا کو شرمندہ تعبیر کیا ہے اور پونچھ کی عوام بالخصوص جموں کشمیر بینک کی مین برانچ کے صارفین کے لئے اس مشین کو بہت فائدہ مند بتایا ہے۔ڈی جی ایم نے اپنے بیان میں کہا کہ پونچھ میں اس طرح کی جدید تکنیک سے لیس سات مشینیں لگنی ہیں جن میں سے پہلی مشین کا آج افتتاح کیا گیا ہے۔