تھنہ منڈی – راجوری سڑک پر بلیک ٹاپنگ کا عمل شروع عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی // سرحدی ضلع راجوری میں تھنہ منڈی – راجوری سڑک کی کشادگی اور تعمیر و مرمت کی دیرنہ مانگ کو پورا کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے سڑک پر بلیک ٹاپنگ کا افتتاح کیا جس سے مقامی باشندوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے بلیک ٹاپنگ سمیت دیگر تعمیراتی کاموں میں حکام سمیت تعمیراتی کمپنیوں کو تعاون دینے کی اپیل کی تاکہ کام کو مقررہ وقت پر مکمل کر کے عوام کی دیرینہ مانگ کو پورا کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ تھنہ منڈی – راجوری مغل شاہراہ کی توسیع کا کام 11 اپریل 2021 اس وقت کے ضلع ترقیاتی کمشنر راجیش کمار شاون کے ہاتھوں شروع کیا گیا تھا۔ جس پر بلیک ٹاپنگ کا کام 29 جون 2022 کو ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل کے ہاتھوں شروع کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ضلع انتظامیہ نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی کشادگی و میگڈمائزیشن سے مقامی باشندوں سمیت شاہراہ پر سفر کرنے والے ڈرائیوروں کو بھی فائدہ حاصل ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر راجوری نے تعمیراتی کمپنی کے حکام سے مقررہ وقت پر بلیک ٹاپنگ کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ اس موقع پر کئی دیگر سیاسی اور سماجی شخصیات نے بتایا کہ خستہ حال سڑک کے باعث لوگوں کو عبور و مرور میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ وہیں گاڑیوں کو بھی خستہ حال سڑکوں سے کافی نقصان سے دوچار ہونا پڑتا تھا۔ انہوں نے شاہراہ پر بلیک ٹاپنگ کا کام شروع کرنے پر متعلقہ کمپنی اور ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’امید ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے مغل شاہراہ کے ساتھ ساتھ دیگر خستہ حال سڑکوں کی بھی تعمیر و مرمت کے حوالے سے جلد اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ عوام کو مزید پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بلیک ٹاپنگ کی افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر راجوری کے علاوہ ڈی ڈی سی ممبر سائیں عبدالرشید، ڈی ڈی سی ممبر عبدالقیوم میر، ایس ڈی ایم تھنہ منڈی وکاس دھر بھگتی، سماجی کارکن شوکت احمد شال، سیاسی لیڈر عبدالغنی شال، بی ڈی سی چیئرمین بلاک پلانگرھ، محکمہ گریگ کے اعلیٰ آفیسران کے علاوہ علاقہ بھر سے کئی نامور سیاسی اور سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ عوام و خواص کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔