بھاجپا بھاری اکثریت سے لوک سبھا الیکشن جیتے گی: رویندر رینہ

عظمیٰ نیوز سروس

بسوہلی //رویندر رینہ صدر بھارتیہ جنتا پارٹی جموں کشمیر نے بسوہلی میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھاجپا آئندہ پارلیمانی انتخابات میں بھاری اکثریت کیساتھ کامیابی حاصل کر ئے گی ۔بی جے پی صدر رویندر رینہ کے ذریعہ باشولی، مہان پور، فنٹر، منڈلی اور بلاور میں پارٹی کارکنوں کے ساتھ ریلیوں، روڈ شوز اور میٹنگوں کا سلسلہ چلایا گیا، جس میں عوام کی بڑی شرکت دیکھی گئی۔بی جے پی کے ضلع صدر درشن سنگھ ٹھاکر، ڈی ڈی سی چیرمین کٹھوعہ کرنل (ریٹائرڈ) مہان سنگھ، ڈی ڈی سی وکرم سنگھ، ڈی ڈی سی نیرو راجپوت، ڈی ڈی سی نارائن دت ترپاٹھی، سشما ککریال، بی ڈی سی سشما جموال ودیگران نے بھی ان جلسوں میں شرکت کی ۔رویندر رینہ نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کی ترجیح قطار میں کھڑے آخری شخص تک اسکیموں کا فائدہ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے عوام سے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ایک بار پھر بی جے پی کا ساتھ دینے کی تلقین کی اور کہا کہ بی جے پی بھاری اکثریت سے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔رینہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ترقی اور غریبوں کی بہبود دونوں پر توجہ مرکوز کرتی ہے، سلامتی، معاش اور عقیدے کے احترام کے ساتھ خوشحالی کو یقینی بناتی ہے۔رویندر رینہ نے کہاکہ پچھلی حکومتوں میں، صرف چند لوگوں کو اسکیموں سے فائدہ ہوا وہ بھی ان کے رشتہ داروں کو، جب کہ عوام کی اکثریت بے بسی سے دیکھتی رہی۔انہوں نے مزید کہاکہ بنی اور بسوہلی، جو کہ پچھلی حکومتوں کے دور میں ایک طویل عرصے تک پسماندہ رہے، اب مودی حکومت کے تحت تیزی سے ترقی کر رہے ہیں کیونکہ یہاں سڑک اور ہائی وے کنیکٹیویٹی کی ترقی کے نئے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔