بھاجپاکا سنکلپ پتر دکھاوا: پرینکا | مہنگائی، بے روزگاری بی جے پی کے منشور سے غائب:راہل

یواین آئی

نئی دہلی// کانگریس کی سینئر لیڈر پرینکا گاندھی نے اتوار کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا ’سنکلپ پتر‘ ایک دکھاوا ہے اور اصل منشور’ سمویدھان بدلو پتر‘ ہے۔محترمہ گاندھی نے یہاں ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ گلی گلی، ایک ریاست سے دوسری ریاست بی جے پی لیڈر اور بی جے پی امیدوار ’سمویدھان بدلو پتر‘ لے کر گھوم رہے ہیں اور اپنی تقاریر میں بابا صاحب کے آئین کو بدلنے کی بات کر رہے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ یہ تمام ملک دشمن، سماج دشمن، جمہوریت مخالف سازشیں بی جے پی پہلے نیچے سے شروع کرتی ہے۔ شروع میں اعلیٰ لیڈر عوام کے سامنے آئین کی قسمیں کھائیں گے لیکن رات میں آئین کو ختم کرنے کا اسکرپٹ لکھیں گے۔ بعد میں مکمل اقتدار حاصل کرنے کے بعد آئین پر حملہ کریں گے۔محترمہ گاندھی نے کہا ‘‘بابا صاحب کا آئین ہندوستان کی روح ہے۔ ہمارا آئین ملک کے کروڑوں لوگوں کو عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق دیتا ہے۔ آئین عام لوگوں کو جمہوریت کے مرکز میں رکھتا ہے۔ اس لیے سب کو متحد ہو کر بی جے پی کے ’سمودھان بدلو مشن‘ کو مسترد کرناہوگا اور دو ٹوک الفاظ میں کہنا پڑے گا کہ ملک آئین سے چلے گا اور ہم سب مل کر آئین کو تبدیل کرنے کا ارادہ رکھنے والوں کو شکست دیں گے۔ادھر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اتوار کو کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے منشور اور وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر سے غائب ہے۔ گاندھی نے یہاں ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ بی جے پی کے منشور اور وزیر اعظم کی تقریر سے مہنگائی اور بے روزگاری غائب ہے، انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی لوگوں کی زندگی سے جڑے اہم ترین مسائل پر بات کرنا تک نہیں چاہتی۔ گاندھی نے کہا کہ انڈیا گروپ کا منصوبہ بالکل واضح ہے کہ 30 لاکھ آسامیوں پر بھرتی ہوگی اور ہر پڑھے لکھے نوجوان کو ایک لاکھ روپے کی مستقل ملازمت دی جائے گی۔ اس بار نوجوان مودی کے جال میں نہیں آئیں گے اور کانگریس کے ہاتھ مضبوط کریں گے اور ملک میں ’روزگار انقلاب‘ لائیں گے۔کانگریس کے میڈیا انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ آج بابا صاحب امبیڈکر کا یوم پیدائش ہے۔ بی جے پی واضح طور پر ان کے بنائے ہوئے آئین کو تباہ کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے وزیراعظم خود اسٹیج سے کچھ اور کہہ رہے ہیں اور اپنے لیڈروں سے کچھ اور کروا رہے ہیں۔ رمیش نے کہا ’’ان کا مقصد صاف ہے – اگر انہیں اس بار موقع ملا تو سب سے بڑا خطرہ بابا صاحب کے آئین کو ہوگا۔‘‘