این ایس ایس رضا کاروں نے نوجوانوں کا سروئے کیا

عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی// گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کے این ایس ایس یونٹ نے آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت گاؤں شاہدرہ۔اے میں رسمی تعلیم یا باقاعدہ ملازمت نہ کرنے والے نوجوانوں کا سروے کیا۔ گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کے این ایس ایس یونٹ نے تحصیل تھنہ منڈی کے گاؤں شاہدرہ۔ اے میں وزارت امور نوجوانان کھیل اور آزادی کا امرت مہااتسو اور G-20 کے اقدامات سلسلہ کے تحت تین روزہ خصوصی کیمپ کا انعقاد کیا جس کا مقصد رسمی تعلیم یا باقاعدہ ملازمت نہ کرنے والے نوجوانوں کا سروے کرنا تھا۔ کیمپ کا آغاز کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق احمد کی سرپرستی میں ہوا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے رضاکاروں سے کہا کہ اس قومی سطح کے سروے کے ذریعے نوجوانوں پر مبنی پالیسی سازی کے عمل اور جی او آئی کی جانب سے قومی یوتھ پالیسی کی تشکیل کیلئے قابل اعتماد ڈیٹا فراہم کیا جائے گا۔

 

سروے کیمپ کے آغاز سے قبل رضاکاروں کو ضروری اسٹیشنری اشیاء فراہم کی گئیں۔ این ایس ایس کے پروگرام آفیسر پروفیسر محمد شوکت نے گزشتہ دنوں اس سروے کے بارے میں ایک رجسٹریشن اور جانکاری کا سیشن بھی منعقد کیا جو 15 سے 29 سال کی عمر کے افراد کے لئے کیا گیا جو نہ تو رسمی تعلیم میں اور نہ ہی باقاعدہ ملازمت میں ہیں۔ اس پروگرام میں این ایس ایس پروگرام آفیسر کے ساتھ تقریباً 50 این ایس ایس رضاکاروں نے شاہدرہ۔اے گاؤں کا دورہ کیا اور باریک بینی سے اس گاؤں کا سروے شروع کیا۔ سروے کے دوران رضاکاروں نے 14 صفحات کے سوالنامے کی شکل میں مطلوبہ ڈیٹا جمع کرنے کے لئے ہر گھر کے افراد کے ساتھ بات چیت کی جس میں وزارت کی ہدایت کے مطابق پورے گاؤں کے تقریباً 100 گھروں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ رضاکاروں نے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے گاؤں میں تقریباً سات آٹھ گھنٹے کام کیا۔ سروے کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے علاوہ، رضاکار گاؤں والوں کو GOI کے ذریعے چلائی جانے والی مختلف اسکیموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر رضاکاروں نے منشیات سے بچنے، پانی کی بچت، مٹی کی آلودگی اور پلاسٹک کا استعمال نہ کرنے کے بارے میں بھی خصوصی مہم چلائی اس کے علاوہ خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی تعلیم اور دیگر سماجی مسائل پر بھی زور دیا۔ وہیں کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق نے سروے اور دیگر بیداری پروگراموں کے انعقاد کے لیے این ایس ایس یونٹ اور ان کے پروگرام آفیسر پروفیسر محمد شوکت کی کوششوں کو سراہا۔