اہم خبریں

ایک اور بجلی لائن مین ترسیلی لائنوں کی نذر ہوگیا | دیسہ کڈ دھار میں لائن مین کی دوران مرمت موت ،محکمہ پر لاپرواہی کا الزام
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے دیسہ کڈ دھار علاقے میں محکمہ بجلی کا لائن مین ترسیلی نظام کی مرمت کے دوران موت ہوئی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کی شام دیسہ کڈ دھار کی ایچ ٹی لائن میں خرابی آ گئی جس دوران تارا منی نامی ایک مقامی لائن مین بجلی تار کی مرمت کے لئے کھمبے پر چڑھا اور اچانک بجلی کی کرنٹ لگ گئی جس کے نتیجے میں موقع پر ہی اس کی موت واقع ہوئی۔محکمہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ لائن مین کی موت کھمبے سے گرنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔اس کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے نزدیکی ہسپتال میں داخل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے طبی لوازمات مکمل کرکے لاش کو وارثین کے سپرد کیا گیا۔ادھر مہلوک شخص کے رشتہ داروں نے محکمہ کی لاپرواہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بناء کسی ساز و سامان کے مذکورہ لائن مین کھمبے پر چڑھا ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ مہلوک لائن مین پچھلے دو دہائیوں سے بطور ڈیلی ویجر کام کرتا تھا اور حال ہی میں انہیں مستقل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے گھر کا اکلوتا کمانے والا تھا اور اس کے چھوٹے چھوٹے بچے پیچھے رہ گئے ہیں۔انہوں نے متاثرہ کنبہ کی ہر ممکن امداد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر ایگزیکٹیوانجینئر پی ڈی ڈی نے کہا کہ لائن مین کی موت بجلی کرنٹ لگنے سے نہیں بلکہ کھمبے سے گرنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔پولیس نے معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔

جموں میں گرداوار رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
جموں//جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے میران صاحب کے گرداوار کو 25ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ذرائع نے بتایا کہ ایک شخص نے سی بی آئی میں شکایت درج کی کہ میران صاحب جموں کا گرداروار اراضی کاغذات کے حصول کی خاطر پچاس ہزار روپیہ کا تقاضہ کر رہا ہے ۔سی بی آئی ذرائع کے مطابق شکایت ملتے ہی اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ سی بی آئی نے ایک جال بچھایا جس دوران محکمہ مال کے آفیسر کو سائل سے 25 ہزار روپیہ کی رقم لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آزاد گواہوں کی موجودگی میں گرداوار کے قبضے سے رشوت کی رقم برآمد کرکے ضبط کی گئی جس کے بعد راشی آفیسر کی گاڑی کی بھی تلاشی لی گئی اور وہاں سے نقدی دو لاکھ روپیہ برآمد ہوئے ۔سی بی آئی کے مطابق گرداوار کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ رشوت خور آفیسر کو عدالت میں بھی پیش کیا گیا ۔

 

کشتواڑ میں فل ڈریس ریہرسل تقریب کا انعقاد
عاصف بٹ
کشتواڑ//ملک کی 76ویں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل چوگان گراؤنڈ کشتواڑ میں منعقد ہوئی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر کشتواڑ شام لال نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی جس میں جی ڈی سی کشتواڑ ، ضلع پولیس، سی آر پی ایف، سی آئی ایس ایف، آئی آر پی، فارسٹ پروٹیکشن فورس، این سی سی بوائز و گرلز کے دستے ،ہوم گارڈ و دیگر سکولی طلبہ نے حصہ لیا۔ مارچ پاسٹ کے تمام دستوں کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے چھوٹی چھوٹی کوتاہیوں کو دور کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے بعد گورنمٹ ہائر سکینڈری سکول گرلز کشتواڑ کی طالبات کے بینڈ نے قومی ترانہ پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے ڈی ڈی سی کشتواڑ نے کشتواڑ کے عوام کو آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔مختلف سکولوں کے طلباء نے ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے۔ڈپٹی کمشنر کشتواڑ اشوک شرما، ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین، اے ڈی سی اندرجیت سنگھ پریہار، اے ایس پی کشتواڑ راجندر سنگھ، اے سی آر کشتواڑ ورونجیت سنگھ چاڑک، اے سی ڈی کشتواڑ اتل دت شرما، ڈی پی او کشتواڑ سنیل بھٹی سول اور پولیس کے دیگر افسران بھی وجود رہے۔

 

آل انڈیا سٹوڈنٹ فیڈریشن نے اپنا یوم تاسیس منایا
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //آل انڈیا سٹوڈنٹ فیڈریشن نے ضلع صدر مقام ڈوڈہ میں اپنا 87واں یوم تاسیس منایا۔ کامریڈ راج کمار و کامریڈ پنکج شرما کی قیادت میں منعقد تقریب کے دوران کونسل ممبران نے سابق طلباء لیڈروں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ طلباء کی فلاح و بہبود و عوامی مسائل کو ابھارنے میں ہر وقت پیش پیش رہیں گے۔کونسل ممبران نے فیڈریشن کی تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے بانی ارکان کی طلباء و سماج کے تئیں خدمات کو اجاگر کیا۔

 

جموں و کشمیر میں حفاظتی صورتحال نازک دور سے گزر رہی ہے : عام آدمی پارٹی
جموں//عام آدمی پارٹی کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کی حفاظتی صورتحال ایک نازک دور سے گزر رہی ہے جس میں حکومتِ ہند کو جائزہ لینے کے بعد اْن سربراہوں کو ہٹانے کی اشد ضرورت ہے جو جموں و کشمیر کو محفوظ رکھنے میں ناکام ہو رہے ہیں جن میں لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کے لوگ بھی شامل ہیں۔عام آدمی پارٹی کے رہنما اور ڈی ڈی سی ممبر ٹی ایس ٹونی اور ڈاکٹر نواز نے بالترتیب جموں کے ساتھ ساتھ کشمیر میں منعقدہ پریس کانفرنسوں کے دوران اس اہم مسایل پر بات کی۔جموں میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے رہنما ٹی ایس ٹونی نے جموں و کشمیر میں غیر مقامی مزدوروں کی حالیہ ہلاکتوں اور دہشت گردوں کے فدائین حملوں کے واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے جموں و کشمیر میں کی موجودہ حفاظتی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔انہوںنے مزید کہا”صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے اور حالات پرسکون نہیں ہیں لیکن حکومت قومی سطح پر بہترین حالات کے جھوٹے دعویٰ کر رہی ہے”۔ ٹونی نے کہا کہ ایک طرف بی جے پی حکومت جموں و کشمیر میں مکمل طور پر حالات معمول پر لانے کا دعویٰ کرتی ہے اور دوسری طرف ایک غیر مقامی غریب مزدور کا قتل ہو رہا ہے، بجبہاڑہ میں پولیس اہلکاروں پر حملہ ا اور راجوری درہال کے علاقے میں فوجی کیمپ پر فدائین حملوں میں سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ٹونی نے کہا کہ اگرچہ حکومت اسے قبول نہیں کر رہی ہے لیکن زمینی صورتحال اس نوعیت کی ہے کہ وزیر اعظم کے خصوصی پیکیج کے تحت وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں تعینات سرکاری ملازمین تین ماہ سے جموں میں ہڑتال پر ہیں کیونکہ انہیں اپنی حفاظت کا خوف ہے اور محفوظ ماحول کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے حکومت اس موضوع پر ایک عرسے سے چپ ہے۔انکاکہناتھا”چونکہ جموں و کشمیر کے سیکورٹی کی بنیاد پر حالات ٹھیک نہیں ہیں، اس لیے حکومت ہند کو فوری طور پر مداخلت کرکے حفاظتی صورتحال کا جائزہ لینے کے باد کچھ ایسے عہدیداروں کو ہٹایا جائے جو توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہو رہے ہیں ‘‘۔

عام آدمی پارٹی کو عوام کی زبردست پذیرائی حاصل
جموں//جموں و کشمیر میں عوام سے براہ راست رابطے کرنے کے لیے عام آدمی پارٹی کی طرف سے شروع کی گئی گھر گھر مہم کو بہترین عوامی حمایت حاصل ہوئی اورصرف تین دن میں 8000لوگوں نے عام آدمی پارٹی کے رضاکاروں کے ساتھ ملاقات کی۔عام آدمی پارٹی نے کہا کہ گھر گھر مہم کا مقصد لوگوں سے براہ راست رابطہ قائم کرنا اور ان کی شکایات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔مزیدبرآں مہم کا مقصد عام آدمی پارٹی کی عوام نواز پالیسیوں اور شری اروند کیجریوال کے مشن کو پیش کرنا ہے تاکہ جموں و کشمیر کو ترقی کی حقیقی بنیاد پر رکھا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ جموں و کشمیر کے لوگ صرف حکومت کے کاغذات کے بجائے زمینی طور پر ترقی حاصل کریں۔اس مہم کے پہلے تین دنوں میں عام آدمی پارٹی کے رضاکاروں نے 8ہزارلوگوں سے براہ راست رابطہ کیا اور پارٹی کے رسالے، بینرز اور دیگر مواد تقسیم کیے ۔پہلے تین دنوں میں لوگوں کی طرف سے دی گئی حمایت زبردست ہے اور جموں کشمیر کی عوام عام آدمی پارٹی کو واحد سیاسی آپشن کے طور پر دیکھ رہی ہے جو جموں و کشمیر کے لوگوں کو اس غیر یقینی صورتحال سے بچا سکتی ہے جس میں بی جے پی نے انہیں دھکیل رکھا ہے۔

 

اپنی پارٹی لیڈر ملک عمر ناظم شہری ترقی سے ملاقی
کشتواڑ میونسپلٹی میں سربمہر دکانوں کی دوبارہ بولی لگانے کا مطالبہ
جموں// اپنی پارٹی معاون ترجمان اور انچارج وادی چناب ایڈووکیٹ ملک عمر نے ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز جموں پونیت شرما سے ملاقات کی اور اْن سے میونسپل کمیٹیوں کی نجی کاری سے متعلق لوگوں کو درپیش مشکلات ومسائل سے آگاہ کیا۔اپنی پارٹی لیڈر نے ناظم موصوف کو ضلع کشتواڑ میں میونسپلٹیوں کی طرف سے کیجول لیبررز کی آو ¿ٹ سورسنگ بارے بتایا اور گذارش کی کہ خدمات کی نجی کاری کی بجائے صفائی کرمچاریوں کی نئی آسامیاں نکالی جانی چہائے تاکہ اْن کا غلط استعمال نہ ہوکیونکہ وہ ہماری سماج کی مجموعی ترقی وفعالیت میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے آئی ایچ ایچ ایل اسکینڈل میں معیاد بند انکوائری کا بھی مطالبہ کیا۔انہوں نے خطہ کے اندر میونسپلٹیوں کے ساتھ کام کرنے والے ٹھیکیداروں کی ادائیگیوں میں پائی جارہی خامیوں کو دور کرنے کے علاوہ کشتواڑ میونسپلٹی کی طرف سے سربمہر کی گئی دکانوں کی دوبارہ سے بولی لگانے کی مانگ کی تاکہ بے روزگار نوجوانوں کو اْس کا فائیدہ مل سکے۔ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز نے اپنی پارٹی لیڈر کو یقین دلایاکہ اْن کی طرف سے جو بھی مسائل اْجاگر کئے گئے ہیں، کو فوری حل کرنے کے لئے مناسب اقدامات اْٹھائے جائیںگے۔

 

سی آئی ڈی اہلکاروں کیلئے تربیتی کورس اختتام پذیر
ادھم پور// سی آئی ڈی اہلکاروں کے لیے 5 روزہ انڈکشن کورس ایس کے پی اے میں اختتام پذیر ہوا۔ انٹیلی جنس پر کورس جموں و کشمیر پولیس کے دہائیوں کے روڈ میپ کے تناظر میں تھاجو کہ مناسب اور بروقت کارروائی کے لیے ملک دشمن سرگرمیوں کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات اکٹھا کرنے کے لیے انتظامیہ کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ محمد یاسین کچلو ایس ایس پی، گردھاری لال شرماایس ایس پی،دنیش گپتاڈی ایس پی سی آئی ڈی،پون کمار شرما، اسسٹنٹ ڈائریکٹر SKPA، طاہر حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر SKPA،سورج سنگھ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر SKPA نے علم سے بھرپور اپنے تجربے کو شیئر کیا۔ SKPAU کے تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نے تقریب میں شرکت کی۔کورس کو سنجیو گپتا، انسپکٹرنے ترتیب دیا تھااورانسپکٹر کی مدد ناصر نائیک ممبر فیکلٹی نے کی تھی

دو گھنٹے کی بارش نے حکومت کے ترقیاتی دعوئوں کو بے نقاب کر دیا: ادھے چب
جموں//جموں و کشمیر پردیش یوتھ کانگریس صدر ادھے چِب نے علاقے کے لوگوں کی پریشانیوں کو دور کرنے میں ناکام رہنے کے لیے یونین ٹیریٹری انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا ہے جنہیں بارش کے پانی کی وجہ سے کچھ دنوں سے بھاری نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متذکرہ بالا مسلسل بارشوں کے بعد حکومت اپنے بلند و بانگ دعووں پر پوری طرح بے نقاب ہو رہی ہے۔ اس کا اظہار یوتھ کانگریس کے سینئر لیڈر نے وارڈ نمبر 67 میں کالکا کالونی کا دورہ کرنے کے بعد کیا جہاں انہوں نے علاقے میں مسلسل بارش کی وجہ سے لوگوں کی تکالیف کا جائزہ لیا۔یوتھ کانگریس کے سینئر لیڈر نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کا مسئلہ انتظامیہ کے ساتھ اٹھائیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اس کا جلد از جلد حل کیا جائے۔ یوتھ کانگریس کے صدر نے کہا کہ صرف دو گھنٹے کی بارش نے حکومت کے ترقیاتی دعووں کی حقیقت کو بے نقاب کر دیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حقیقت یہ ہے کہ جموں شہر کے علاقوں اور اس کے اطراف میں بھی نکاسی کا کوئی مناسب نظام نہیں ہے۔ کالکا کالونی کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں میونسپل کارپوریشن کی حدود میں آنے کے باوجود اس میں نکاسی کا کوئی نظام نہیں ہے۔

صفیراحمدچودھری نے اے سی ڈی پونچھ عابدحسین سے ملاقات کی
تمام عوامی مسائل کے جلد ازالے کا مطالبہ کیا۰عام آدمی پارٹی نے ایک بار پھر عوامی مسائل پر آواز اٹھائی
پونچھ؍؍اے اے پی کے سینئر لیڈر صفیراحمدچودھری نے مختلف عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے اے سی ڈی عابد حسین پونچھ سے ملاقات کی۔ایڈیشنل کمشنرڈیولپمنٹ پونچھ عابد حسین نے تمام زیر بحث مسائل کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔عوام کے مسائل کے حوالے سے اے سی ڈی عابد حسین اور عآپ کے سینئر لیڈر صفیراحمدچودھری کے درمیان میٹنگ ہوئی۔عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور مبصر صفیراحمدچودھری نے عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے اے سی ڈی، پونچھ عابد حسین سے ہوئی ملاقات میںمختلف مسائل بشمول مقامی لوگوں کے مسائل اور پنچایتوں سے متعلق دیگر سنگین مسائل پرسیرحاصل گفت وشنیدہوئی ۔ انہوں نے لوگوں کو درپیش تکالیف کو شفاف اندازمیں انتظامیہ کے سامنے پیش کیا۔ پی ایم اے وائی کی ان کی زیر التواء قسطوں کی واگذاری سے متعلق مسئلہ اُبھارا۔ انہوں نے ایم جی نریگا کے تحت مادی ادائیگیوں کی جلد واگذاری پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اے سی ڈی کو سرحدی علاقے کے بنکروں کی زیر التواء ادائیگیوں اور دیگر بہت سے اہم امور کے بارے میں آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران صفیراحمدچوہدری نے تمام مسائل کے جلد ازالے کا مطالبہ کیا۔اس دوران اے سی ڈی نے بھی تحمل سے تمام مسائل سنے اور یقین دلایا کہ تمام مسائل جلد حل کر دیے جائیں گے اور وہ ذاتی طور پر معاملات کو سنجیدگی سے دیکھیں گے۔