اہم خبریں

مینڈھر میں ترنگا ریلی کا انعقاد
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر ایکس سروس مین کی ریلی میں درجنوں سابقہ فوجیوں نے شرکت کی ۔آزادی کے امرت مہا اتسو کی مناسبت سے نکالی جانے والی ریلی میں ایس ڈی پی او مینڈھر ،ایس ایچ او مینڈھر کیساتھ ساتھ کچھ فوجی آفیسران نے بھی شرکت کی ۔ایکس سروس مین تنظیم کے ضلع صدر اخلاق خان کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں تحصیل صدر اخلاق چوہدری ،سبکدوش کپٹن اقبال خان ودیگران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔انہوں نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ یوم آزادی کے روز اپنے گھروں میں قومی پرچم لہرا کر ملکی آزادی کا جشن منائیں ۔

ہیلتھ ورکرز کو قومی پرچم لہرانے کی ہدایت
جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھر کے منتظمین کی جانب سے آزادی کا امرت مہااتسو کی مناسبت سے ایک ریلی کا اہتمام کیا ۔بلاک میڈیکل آفیسر ڈاکٹر پرویز خان کی قیادت میں نکالی گئی ریلی کے دوران آفیسر موصوف نے میڈیکل بلاک کے زیر تحت آنے والے ہیلتھ سنٹروں کے ملازمین و آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے گھروں کیساتھ ساتھ مذکورہ سنٹروں پر قومی پرچم لہرائیں ۔اس دوران نکالی گئی ریلی گورنمنٹ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھر سے شروع ہو کر منصف کورٹ ،یاد گھر چوک، مین بس سٹینڈ مینڈھر گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول مینڈھر ،جامع مسجد مینڈھر اور تحصیل کمپلیکس سے ہوتی ہوئی گورنمنٹ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھر پر اختتام پذیر ہوئی۔اس ریلی میں ہیلتھ ورکروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

 

بارڈر سیکورٹی فورس نے ریلی نکالی
رمیش کیسر
نوشہرہ //بارڈر سیکورٹی فورس کے افسروں اور جوانوں نے بٹالین ہیڈ کوارٹر سے نوشہرہ تک ترنگاریلی نکالی ۔آزادی کے امرت مہا اتسوکے حوالے سے لوگوں کوملکی آزادی کے75ویں پروگرام کے سلسلہ میں تفصیلی طورپر بیدار کرنے کیساتھ ساتھ ان کو بیدار بھی کیا گیا ۔اس دوران بٹالین ہیڈ کوارٹر نوشہرہ میں افسران اور سپاہی ہاتھوں میں ترنگا لے کرپیدل چلنے کیساتھ ساتھ موٹر سائیکلوں پر ریلی نکالی ۔ اس دوران آفیسران نے بتایا کہ ملکی آزادی کی مناسبت سے مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ مہم کے تحت ہی انہوں نے بیداری ریلی کا اہتمام کیا ہے ۔

 

سرنکوٹ میں 2منشیات سمگلرگرفتار
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ میں ایک ناکے کے دوران جموں وکشمیر پولیس نے 2سمگلروں کو گرفتار کر لیا ۔پولیس نے بتایا کہ سرنکوٹ سب ڈویژن کے دھندک علاقہ میں ایک مورتی کار زیر نمبر JK02AH 5155-کو پولیس کی ناکہ پارٹی نے روکنے کا اشارہ دیا جبکہ گاڑی کی چیکنگ کے دوران نوجوان سے 10سے12 گرام ہیروئن جیسے مادہ ایک وزنی مشین چاندی کے ورق اور 17000 روپے کی نقدی برآمد ہوئی۔ مزید پوچھ تاچھ پر اس نے اپنا نام عاقب جاوید ولد فیاض اخترسکنہ سرنکوٹ کے طور پر ظاہر کیا اور اس کے پاس ممنوعہ اشیاء رکھنے کے حوالے سے کوئی جواز نہیں تھا اور اس پر ایف آئی آر نمبر 252/2022 زیر دفعات 8/21/22/ 25/27A این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیاگیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے لسانہ اورسنئی میں بھی چیکنگ کے دوران 10/12 گرام ہیروئن ضبط کی جبکہ اس معاملہ میں ملوث شخص کی شناخت سجاد ولد مظفر حسین سکنہ سیڑھی خواجہ کے طور پر ہوئی تاہم پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر زیر نمبر 253 زیر دفعات 8/21/22 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت معاملہ درج کر کے تحقیقات کا عمل شروع کر دیا ہے ۔

اشتیاق بھٹی کیخلاف قانونی کارروائی کرنے کی مانگ
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سر نکوٹ میں پہاڑی قبائل کے معززین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ خطہ پیر پنچال میں امن کی فضا کر خراب کرنے والے اشتیاق بھٹی کیخلاف جلدازجلد کیس درج کر کے کارروائی عمل میں لائی جائے ۔سرنکوٹ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سرپنچ سید واحید حسین شاہ نے بتایا کہ 13رکنی کمیٹی میں لیڈران مرکزی وزیر امت شاہ سے ملاقی ہوئے جہاں پہاڑی قبیلہ کے درپیش مسائل کو اجاگر کیا گیا اور پہاڑیوں کو ایس ٹی زمرے میں شامل کرنے کی مانگ رکھی جس میں موصوف نے یقین دلایا کہ پہاڑی قبائل کی مانگ کو جلد پورا کیا جائے گاتاہم اسی سلسلے میں حالیہ روز جموں میں اشتیاق بھٹی کہ جانب سے ایک پریس بیان جاری کیاگیا ہے جس کے بعد خطہ پیر پنچال میں امن کی فضا خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ خطہ میں کچھ لوگ تمام فرقوں کے گلدستے کو خراب کرنے کی کوششیں کرنے میں مصروف ہیں تاہم حکومت کے چاہئے کہ وہ مذکورہ لوگوں کی نشاندہی کر کے ان کیخلاف کارروائی عمل میں لائے ۔اس دوران وران سرپنچ طاہر منظور مرزا، بشیر احمد سرپنچ مرزا رزاق سید مہتاب بخاری سید شجاعت بخاری نسیم خان و دیگر معززین بھی موجود تھے۔

سڑک حادثے میں 1ہلاک ،2لقمہ اجل
رمیش کیسر
نوشہرہ //جموں پونچھ نیشنل ہائی وے پر اوورٹیک کرتے ہوئے ایک ٹیمپو ٹریولر نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی جس میں ایک کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق ایک ٹیمپو ٹریولر زیر نمبر 2034-JK12نے اوور ٹیک کرتے ہوئے سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس میں نشا دیوی عمر 16 سال دختررتن لال سکنہ موگرا تحصیل کالاکوٹ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کی نانی کملا دیوی عمر 65سال زوجہ بلکرم سکنہ گڑال تحصیل کالاکوٹ اور موٹر سائیکل سوار طارق حسین ولد محمد بشیر سکنہ راجل شدید زخمی ہو گئے جنہیں اہل علاقہ کی مدد سے شدید زخمی حالت میںنوشہرہسپتال منتقل کئے گئے جہاں پر دونوں زیر علاج ہیں ۔دوسری جانب پولیس نے مذکورہ گاڑی کو تحویل میں لینے کیساتھ ساتھ ڈرائیور کو بھی گرفتار کرلیا ہے ۔

پونچھ میں قومی لوک عدالت کا انعقاد  | 4608 مقدمات کی سماعت کی گئی
حسین محتشم
پونچھ//ضلع عدالت پونچھ میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ آف جموں و کشمیر کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی پونچھ کی جانب سے ایک قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا گیا، جس میں جوڈیشل افسران، بار ممبران، بینک ملازمین، مدعیان اور عام لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔ قومی لوک عدالت کا آغاز کرتے ہوئے چیئرمین ڈی ایل ایس اے پونچھ اشوک کمار شاون (پی آر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج) پونچھ نے لوک عدالت کے مثبت پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور اسے وقت کی ضرورت قرار دیا اور عام لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان سے فائدہ اٹھانے کے لیے آگے آئیں۔لوک عدالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر پر 12 بنچ تشکیل دیے گئے۔ پہلے بنچ کی صدارت اشوک کمار شاون چیئرمین ڈی ایل ایس اے (پی آر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج) پونچھ نے اور معاونت ایڈوکیٹ معروف خان بار صدر پونچھ نے کی۔ دوسرے بنچ کی صدارت مدن لال CJM (چیئرمین TLSC پونچھ) نے کی اور وجاہت حسین کاظمی سکریٹری DLSA پونچھ نے معاونت کی۔ تیسرے بنچ کی صدارت سرفراز نواز سپیشل موبائل مجسٹریٹ پونچھ نے کی اور ان کی معاونت منیش کمار شرما ایڈوکیٹ نے کی۔ چوتھے بنچ کی صدارت تبریز احمد ڈسٹرکٹ موبائل مجسٹریٹ پونچھ نے کی اور معاونت ایڈوکیٹ الیاس خواجہ نے کی۔ پانچویں بنچ کی صدارت ڈاکٹر ذاکر حسین، ڈسٹرکٹ جنرل منیجر ڈی آئی سی پونچھ نے کی۔ چھٹے بنچ کی صدارت ظہیر احمد کیفی اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ضلع پونچھ اور معاونت انجم بشیر خان تحصیلدار حویلی پونچھ نے کی۔ ساتویں بنچ کی صدارت عابد حسین شاہ اسسٹنٹ لیبر کمشنر پونچھ نے کی۔ آٹھویں بنچ کی صدارت بشارت حسین اے آر ٹی او پونچھ نے کی۔ نویں بنچ کی صدارت عادل شبیر میر ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر پونچھ نے کی۔ دسویں بنچ کی صدارت راحیس اقبال ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ آفیسر پونچھ نے کی۔ 11ویں بنچ کی صدارت خالد حسین ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر پونچھ نے کی۔ 12ویں بنچ کی صدارت مشتاق حسین چیف ایگزیکٹیو آفیسر میونسپلٹی پونچھ نے کی۔ سرنکوٹ کے بنچ کی صدارت منظور احمد خان چیئرمین TLSC سرنکوٹ نے کی۔ مینڈھر بنچ کی صدارت شازیہ چودھری چیئرمین TLSC (JMIC) مینڈھر نے کی۔آج کی لوک عدالت میں کل 4608 مقدمات کی سماعت کی گئی جن میں دیوانی، فوجداری، MACT، بینک ریکوری، پری لٹیگیشن اور دیگر مقدمات شامل ہیں۔ ان میں سے 4241 مقدمات کو مذکورہ بالا بنچوں نے ثالثی، مفاہمت اور سمجھوتہ کے ذریعے نمٹا دیا۔ MACT میں 4 مقدمات نمٹائے گئے، 65 فوجداری مقدمات، 40 دیوانی مقدمات کا بھی فیصلہ ہوا اور مجموعی طور پر روپے کی رقم۔ 5553876تصفیہ کیا گیا۔

عارضی ملازمین و صفائی کرمچاریوں کی حوصلہ افزائی کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے معزز شہریوں اور سماجی کارکنان نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس بار یوم آزادی کی تقریب کے موقعہ پر روایت سے ہٹ کر محکمہ میونسپل کے صفائی کرمچاریوں اور محکمہ بجلی و محکمہ جل شکتی کے ڈیلی ویجرز کی عزت افزائی اور ان کو انعامات دینے کیلئے عملی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ۔معزز شہریوں کا کہنا ہے حقیقت میں اس ایوارڈ کے مستحق بھی یہی ملازم ہیںجنہوں نے کم محنتانے میں ہمیشہ اپنے فرائض منصبی سے انصاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ ملازمین ہیں جنہوں نے کرونا وباء ، بارش برفباری اور ہر مصیبت اور مشکل وقت میں اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر اپنی خدمات اور فرائض کو انجام دیا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بار انتظامیہ پہل کرکے ان محنت کش ملازموں کو اعزاز و اکرام سے نوازے گی تاکہ عوام میں ایک اچھا پیغام جائے۔

 

صفیراحمدچوہدری نے اے سی ڈی پونچھ سے ملاقات کی
پونچھ//اے اے پی کے سینئر لیڈر صفیراحمدچودھری نے مختلف عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے اے سی ڈی عابد حسین پونچھ سے ملاقات کی۔ایڈیشنل کمشنرڈیولپمنٹ پونچھ عابد حسین نے تمام زیر بحث مسائل کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔عوام کے مسائل کے حوالے سے اے سی ڈی عابد حسین اور عآپ کے سینئر لیڈر صفیراحمدچودھری کے درمیان میٹنگ ہوئی۔عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور مبصر صفیراحمدچودھری نے عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے اے سی ڈی، پونچھ عابد حسین سے ہوئی ملاقات میںمختلف مسائل بشمول مقامی لوگوں کے مسائل اور پنچایتوں سے متعلق دیگر سنگین مسائل پرسیرحاصل گفت وشنیدہوئی ۔ انہوں نے لوگوں کو درپیش تکالیف کو شفاف اندازمیں انتظامیہ کے سامنے پیش کیا۔ پی ایم اے وائی کی ان کی زیر التواء قسطوں کی واگذاری سے متعلق مسئلہ اُبھارا۔ انہوں نے ایم جی نریگا کے تحت مادی ادائیگیوں کی جلد واگذاری پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اے سی ڈی کو سرحدی علاقے کے بنکروں کی زیر التواء ادائیگیوں اور دیگر بہت سے اہم امور کے بارے میں آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران صفیراحمدچوہدری نے تمام مسائل کے جلد ازالے کا مطالبہ کیا۔اس دوران اے سی ڈی نے بھی تحمل سے تمام مسائل سنے اور یقین دلایا کہ تمام مسائل جلد حل کر دیے جائیں گے اور وہ ذاتی طور پر معاملات کو سنجیدگی سے دیکھیں گے۔

 

مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع | راجوری میں تلاشی شروع کی گئی
راجوری//راجوری ضلع بھر میں سیکورٹی فورسز نے مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی شروع کی ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ کچھ علاقوں سے مختلف اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ پچھلے ایک دو دنوں میں کچھ مشتبہ نقل و حرکت ہوئی ہے جس کے بعد سیکورٹی کی جانب سے مذکورہ علاقہ میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ اطلاعات موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسزنے انٹیلی جنس معلومات پر عمل کرتے ہوئے تلاشی کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ علاقے کے تسلط اور علاقے کی حساسیت کو یقینی بنانے اور مشتبہ نقل و حرکت کا سراغ لگانے کے لئے بہترین کوششیں جاری ہیں۔

سرنکوٹ دریا سے نعش برآمد
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ سب ڈویژن میں سانگلہ علاقہ کے ایک بزرگ کی دریائے سرن میں سے لاش برآمد ہوئی ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ کچھ لوگوں نے دریا میں لاش کو دیکھ کر اس کو باہر نکالا جس کے بعد اس کی شناخت خان محمد خان ولد محمد شیر خان سکنہ سانگلہ عمر 90برس کے طورپر ہوئی ہے ۔اہل خانہ نے بتایا کہ 12اگست کو مذکورہ شخص گھر سے سرنکوٹ کی جانب آیا تھا تاہم مبینہ طورپر حادثے کی وجہ سے وہ دریا میں ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا تاہم اہل خانہ نے اس کی لاش کا پوسٹ مارٹم نہیں کروایا ۔