اہم خبریں

مینڈھر میں فوج کا بیداری پروگرام
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے نوجوانوں کو اگنی پتھ سکیم کے سلسلہ میں بیدار کرنے کیلئے فوج کی جانب سے ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس پروگرام میں مقامی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے نوجوانوں کو مذکورہ سکیم کی اہمیت اور فائدہ کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔فوجی ماہرین نے سکیم کے سلسلہ میں نوجوانوں کی اہلیت ،خدمات ،مالی فوائد کیساتھ ساتھ دیگر سہولیات کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں مذکورہ سکیم کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ۔انہوں نے نوجوانوں سے تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ سوشل میڈیا پر چل رہی افواہوں پر دھیاں نہ دیں ۔

 

سموٹ میں شعبہ صحت کا طبی کیمپ منعقد
راجوری//محکمہ صحت نے ہفتہ کے روز گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول سموٹ بدھل میں ہیلتھ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد سکول کے طلباء کو ان کی دہلیز پر صحت کی خدمات فراہم کرنا تھا۔بلاک میڈیکل آفیسر کنڈی ڈاکٹر اقبال ملک نے بتایا کہ بلاک کنڈی میں ہفتہ وار سکول کیمپ کا انعقاد کیاگیاجس کا مقصد نوعمر لڑکوں اور لڑکیوں کو کونسلنگ، میڈیکل چیک اپ، آئرن، کیلشیم اور البینڈازول گولیوں کی تقسیم کرنے کیساتھ ساتھ موقعہ پر لیبارٹری کا انتظام بھی کیا گیا جس کی مدد سے مختلف نوعیت کی جانچ بھی کی گئی ۔شعبہ صحت کی ٹیم نے ہاتھ دھونے کی مناسب تکنیک کے بارے میں تربیت اور اچھی صحت کیلئے حفظان صحت کی اہمیت کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کی ۔اس دوران ہیلتھ ٹیم نے لڑکیوں میں مختلف نوعیت کی نیپکن بھی تقسیم کئے گئے ۔ڈاکٹروں کی ٹیم نے طلباء کی صحت کے مسائل کے بارے میں اسکریننگ کی اور 73 طلباء کو ان کی معمولی بیماریوں کا موقع پر ہی علاج کیا گیا۔

 

 

غیر متوقعہ برفباری سے خانہ بدوشوںکا بھاری نقصان
جموں وکشمیر انتظامیہ سے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کی اپیل
راجوری // سرحدی ضلع راجوری سے تعلق رکھنے والے درجنوں کنبوں کے ما ل مویشی جون میں ہوئی غیر متوقعہ برفباری کی وجہ سے بالائی علاقوں بالخصوص خطہ پیر پنچال کی ڈھوکوں میں لقمہ اجل بن گئے ہیں ۔متاثرین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ا ن کی نقصان کا تخمینہ لگانے کیلئے ٹیمیں منتخب کر کے ڈھوکوں کی جانب روانہ کی جائیں تاکہ ان کے نقصان کا تخمینہ لگا کر ان کو معاوضہ فراہم کیا جاسکے ۔کوٹرنکہ سب ڈویژں کے گگھروٹ علاقہ سے تعلق رکھنے والے محمد افراز کھٹانہ ولد محمد اقبال کھٹانہ نے بتایا کہ شوپیاں ضلع کی ڈھوکوں میں گئے ہوئے خانہ بدوش طبقہ کے درجنوں بھیڑیں اور بکروں کیساتھ ساتھ گھوڑے بھی برفباری کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں ۔اسی طرح راجوری ضلع کے بالائی ڈھوکوں میں گئے ہوئے خانہ بدوشوں نے بتایا کہ ان کی سینکڑوں بکریا ں ،بھیڑیں اور گھوڑے لقمہ اجل بن گئے ہیں ۔غور طلب ہے کہ اس وقت خانہ بدوش طبقہ کیساتھ ساتھ دیگر لوگوں کی ایک بڑی تعداد اپنے مال مویشیوں کے ہمراہ ڈھوکوں میں گئے ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ دنوں ہوئی شدید بارش و غیر متوقعہ برفباری کی وجہ سے ان کا بھاری نقصان ہونے کا خدشہ ہے ۔متاثرین نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کے نقصان کے سلسلہ میں ان کی مالی معاونت کی جائے تاکہ وہ اپنے گزر بسر کرسکیں ۔

 

پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم کا وفد ڈی سی سے ملاقی
راجوری//پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم نے پہاڑی قبیلے کو جلد از جلد شیڈول ٹرائب کا درجہ دینے کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر راجوری کے ذریعے وزیر اعظم ہند کو میمورنڈم پیش کیا۔ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے میمورنڈم وصول کیا اور وفد کو یقین دلایا کہ اصل دستاویز مطلوبہ دفتر میں جمع کرائی جائے گی۔فورم کے نمائندوں نے کہا کہ حال ہی میں جموں و کشمیر سماجی اور تعلیمی طور پر پسماندہ طبقات کمیشن نے دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) اور پہاڑیوں کو تحفظات اور او بی سی زمرہ میں نئے علاقوں اور ذاتوں کو شامل کرنے پر اپنی عبوری اور ضمنی رپورٹ حکومت کو پیش کی ہیں۔نمائندوں نے کہا کہ یہ اچھی طرح سے سمجھا جاتا ہے کہ پہاڑیوں کو شیڈول ٹرائب (ST) کا درجہ ملنے کا امکان ہے جو انہیں سیاسی تحفظ کے لئے بھی اہل بنائے گا کیونکہ حد بندی کمیشن نے 90 حلقوں کی قانون ساز اسمبلی میں 10 فیصد سیٹیں ایس ٹی کیلئے مخصوص کی ہیں۔ .پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم کے وہ ممتاز ایگزیکٹو ممبران جو وفد کا حصہ تھے ان میں ایڈووکیٹ احسن مرزا، وکرانت شرما، بھرت وید، سری ناگیش، حمید ملک، مانیر مرزا، راج کمار شرما، راجندر شرما، جہانگیر عالم خان، احمد خان، منظور خان، زاہد اقبال، اوم پرکاش شرما، رنگ باز خان اور مجاہد حسین ودیگران شامل تھے ۔

 

کھیل جسمانی نشوو نمااور آپسی اتحاد کیلئے ناگزیز:ڈاکٹر شہزاد
جاوید اقبال
مینڈھر //جموں و کشمیر بارڈر ایریا ڈیولپمنٹ کانفرنس کے چیئرمین ڈاکٹر شہزاد ملک نے کھلاڑیوں اور دیگر معززین کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل جسمانی نشوو نمااور سماجی انضمام کے لئے ناگزیر ہے۔ گاؤں جھلاس میں 5ویں میجر تھامس کرکٹ ٹرافی کے فائنل میچ کی فاتح ٹیم کو انعامات دیتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہاکہ والدین بچوں کی پڑھائی کیساتھ ساتھ ان کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کیلئے بھی اپنا رول اداکریں ۔انہوں نے جیتنے والی ٹیم ریجوول کرکٹ کلب کو مبارکباد دی اور ایسے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو سراہا۔میجر تھامس کرکٹ ٹرافی کا انعقاد متحدہ حمایت کمیٹی نے کیا جس میں 35 ٹیموں نے حصہ لیا۔جے کے بی اے ڈی سی کے چیئرمین کے علاوہ دیگر معززین نے بھی فائنل میچ کی تقریب میں شرکت کے جبکہ اس موقعہ پر 39 آر آر کے مہمان اعزازی میجر پٹنائک بھی موجود تھے ۔اس دوران بہترین ٹیم و کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ۔

 

 

 

 

ساوجیاں میں شبانہ آتشزدگی  | دو رہایشی مکانات خاکسترہو گئے
عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے ساوجیاں علاقہ میں جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب کو دو دو منزلہ رہایشی مکانات میں اچانک آگ لگ گئی جس کی وجہ سے دونوں رہایشی مکانات جل کر راکھ ہو گئے ۔پولیس نے بتایا کہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب سوجیاں کے کینٹھ وزلی علاقہ میں گلزار احمد ولد صمد بٹ، مشتاق احمد ولد صمد بٹ حبیب اللہ ولد محمدا بٹ اور علی بٹ ولد رحیم بٹ کے دو رہایشی مکانات میں اچانک آگ لگ گئی جس کے دوران اگر چہ کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ دونوں مکانات جل کر راکھ میں تبدیل ہو گئے ۔اس حوالے سے تحصیلدار منڈی شہزاد لطیف خان نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ سیول انتظامیہ کی ایک ٹیم نے موقعہ کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کی جانب سے آتشزدگان کی مدد کی جائے گی۔ چوکی پولیس انچارج ساوجیاں کارتک شرما نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نا معلوم وجوہات کی بنا پر جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات کو دو بجے کے قریب رہائشی مکانات میں اچانک آگ لگی جس کی وجہ سے دونوں مکانات خاکستر ہوگئے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران کسی بھی طرح کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر لی گئی ہیں ۔

 

فوج نے آگ متاثرین کو ریلیف دی
عشرت حسین بٹ
منڈی// جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب کو ساوجیاں وزلی کینٹھ کے علاقہ میں دو رہایشی مکانات میں لگی ہولناک آگ کے مکان مالکان کی فوج کی 25آر آر کی جانب سے ریلیف فراہم کی گئی ۔فوجی اہلکاروں نے جہاں آگ پر قابو پانے کیلئے کوششیں کیں وہائیں متعلقہ یونیٹ کے اعلیٰ آفیسران نے موقعہ پر جا کر متاثر کو زندگی بسر کرنے کے لئے سامان بھی مہیا کیا ہے جس کے لئے آتشزگان اور ساوجیاں کے مقامی لوگوں نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج ہی ایل او سی پر رہنے والے لوگوں کی ہر وقت مدد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات بھی رہایشی مکانات میں لگی آگ کو بجھانے میں 25 آر آر کے نوجوانوں نے مدد کی جس کے لئے وہ فوج کے شکر گزار ہیں۔

 

گاڑی کی زد میں آکر راہگیر زخمی
عشرت حسین بٹ
منڈی //پونچھ ضلع کی منڈی تحصیل میں ایک عام راہگیر گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا جس کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ منڈی تحصیل کے لورن علاقہ میں محمد یوسف ولد عبدالغفار سکنہ بیلہ نامی ایک 35سالہ شخص ایک مسافر بس زیر رجسٹریشن نمبر 3258-JK12کی ٹکر لگنے کی وجہ سے شدید زخمی ہو گیا ۔انہوں نے بتایا کہ زخمی شخص کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

ریڈیو سٹیشن تا نوشہرہ بریگیڈ رابطہ سڑک خستہ حال
رمیش کیسر
نوشہرہ //ریڈیو سٹیشن سے نوشہرہ بریگیڈ ہیڈ کوارٹر جانے والی رابطہ سڑک خستہ حال ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ملٹری انجینئرنگ سروس کے تحت آنے والی رابطہ سڑک پر کھڈوں کی وجہ سے اب گاڑیوں کا چلنا بھی دشوار ہوتا جارہاہے ۔انہوں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ متعدد مرتبہ متعلقہ حکام سے سڑک کی مرمت کیلئے رجوع کرنے کے بعد بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے جس کی وجہ سے صورتحال مزید ابتر ہوتی جارہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ خراب پڑی ہوئی رابطہ سڑک کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے تاکہ عام لوگوں کی دقتیں کم ہو سکیں ۔

بھوانی کو تحصیل کا درجہ دینے کا مطالبہ
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے مختلف سرحدی دیہات کے لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا ہے کہ بھوانی کو تحصیل کا درجہ دیا جائے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ 29برسوں سے بھوانی علاقہ کو تحصیل کا درجہ دینے کی مانگ کررہے ہیں لیکن ابھی تک حکام کی جانب سے اس طرف کوئی دھیان نہیں دیاجارہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو کئی کلو میٹر کی مسافت طے کر کے تحصیل دفتر جانا پڑتا ہے ۔پنچایت حلقہ بھوانی اے کے سرپنچ سنیل چودھری بھوانی بی کے سرپنچ رتن لال سابق سرپنچ پروشوتم لال لیکھراج ودیگران نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے علاقہ کو تحصیل کا درجہ دے کر تحصیل دفتر قائم کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن متعلقہ حکام اور جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بھوانی علاقہ کو جلدازجلد تحصیل کا درجہ دے کر عوامی مطالبہ پورا کیا جائے ۔

 

پونچھ میں کوآپریٹو بیداری کیمپ کا انعقاد
نئے رجسٹرڈ 20 مستحقین میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ میں کوآپریٹو تحریک کو مزید تیز کرنے کیلئے محکمہ کوآپریٹو سوسائٹی پونچھ کی جانب سے ایک بیداری کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں بالاکوٹ، مینڈھر، منڈی سرنکوٹ اور تمام بلاکس کے متعدد کسانوں نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر تمام بلاکس سے فیلڈ سٹاف موجود تھا۔ تقریب کا افتتاح ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (اے ڈی ڈی سی) پونچھ، عبدالستار نے ڈپٹی رجسٹرار، سی ایس پونچھ وشال دیپ چندن اور ڈسٹرکٹ آڈٹ آفیسرسی ایس پونچھ عدنان راتھر کی موجودگی میں کیا۔پروگرام کے آغاز میں کوآپریٹو موومنٹ کے مختلف پہلوؤں سے شرکاء کو آگاہ کیا گیا جس میں آن لائن رجسٹریشن کا طریقہ کار، کوآپریٹو اداروں کے فوائد جیسے جمہوری انتظام، اجتماعی کوششیں، آگے اور پیچھے روابط، مارکیٹ لنکیج وغیرہ شامل ہیں جبکہ مہامانوں نے اپنے ہاتھوں سے استفادہ کنندگان میں 20 رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کی تقسیم کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، اے ڈی ڈی سی پونچھ نے کوآپریٹو کسانوں کی مکمل حمایت کی اور یقین دلایا کہ بتدریج ان کسانوں اور کوآپریٹو اداروں کو آنے والے مہینوں میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نافذ کئے جانے والے فوڈ پروسیسنگ کے مختلف منصوبوں/ اسکیموں کے تحت شامل کیا جائے گا۔ انیوں نے سہکار سے سمریدھی اسکیم پر بھی روشنی ڈالی۔ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز پونچھ نے پورے ااملک میں کوآپریٹو اداروں کے کام کاج کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی ۔انہوں نے کاشتکاروں کو UT اور پورے ہندوستان کے مختلف کامیاب کیس اسٹڈیز کے بارے میں آگاہ کیا۔ کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کے کردار کو “دوست، رہنما اور فلاسفر” کے طور پر اجاگر کرتے ہوئے ڈپٹی رجسٹرار نے کوآپریٹو کسانوں کو ہر ممکن مددکا یقین دلایا۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ کوآپریٹو ادارے GOI کے “2022 تک کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے” کے وڑن کا ایک اہم جزو ہیں۔انہوں نے کہا درحقیقت کاشتکاری کے اداروں اور اسٹارٹ اپس کا مستقبل ہیں۔ ضلع آڈٹ افسر پونچھ نے دوسرے اضلاع جیسے ریاسی، ادھم پور، کٹھوعہ، وغیرہ سے کامیابی کی کہانیوں سے سیکھنے کی ثقافت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا جہاں کامیاب کوآپریٹیو چل رہے ہیں۔ کسانوں کو یووا سہکار یوجنا اور آیوشمان سہکار یوجنا اور اہلیت کے مختلف معیارات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ اس دوران حصہ لینے والے کسانوں/مستحقین کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف سوالات کا تفصیل سے جواب دیا گیا جیسے کہ “کاروبار کیسے شروع کیا جائے”، دستاویزات کو کیسے برقرار رکھا جائے، “انتخابات۔ طریقہ کار “اور نئے ممبران کا اندراج کیسے کریں وغیرہ وغیرہ۔

ٹریفک پولیس کی پونچھ میں کارروائی
حسین محتشم
پونچھ//ڈی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ آفتاب بخاری کی قیادت میں ٹریفک پولیس نے پونچھ میں ہائی سیکورٹی نمبر پلیٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم گیارھویں روز بھی جاری رہی۔ اس دوران ٹریفک پولیس نے مختلف مقامات پر ناکے لگا کر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔اس دوران متعدد گاڑیوں کے کورٹ چلان کاٹے گئے اور جرمانے بھی وصول کئے گئے۔ایس او ٹریفک شوکت امین نے بتایا کہ انہوں نے پونچھ میں مختلف مقامات پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل اور مسافر گاڑیاں اور غلط پارک کی گئی نجی گاڑیوں کے مالکان پر جرمانہ بھی عائد کیا۔انہوں نے بتایا کہ خصوصی طور پر اس دوران ہائی سیکورٹی نمبرپلیٹ نہ لگانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کئی گاڑیوں کو ضبط بھی کیا گیا۔ انہوںنے بتایا کہ یہ خصوصی مہم پونچھ میں ٹرفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کی جارہی ہے تاکہ پونچھ میں ٹریفک نظام کو درست کیا جا سکے۔ٹریفک پولیس کے اقدامات کو شہریوں نے سراہا ہے۔

ہیڈ ماسٹر محمد افضل کی سبکدوشی پر الوداعی تقریب کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ//ہیڈ ماسٹر محمد افضل کی محکمہ تعلیم سے سبکدوش ہونے کے سلسلہ میں ان کے اعزاز میں گورنمنٹ ہائی سکول لمبی پٹی ٹلہ پھاگلہ میں ایک الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا اس تقریب میں کمپلیکس کے درجنوں اساتذہ نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت نائب پرنسپل لسانہ صابر حسین شاہ و نائب تحصیلدار منظور حسین نے کی۔اس تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے سید محمد یوسف شاہ نے اپنے ہیڈماسٹر محمد افضل کی سراہنا کرتے ہوئے کہ وہ ایک اچھے استاد تھے ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے اخلاق اور اچھے کردار کے مالک بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا موصوف نے چند عرصہ قبل گورنمنٹ مڈل اسکول پھاگلہ میں بطور ماسٹر کام کیا جہاں ان کے اخلاق نے ان کی خوبی بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے اپنے فریضے سے کبھی ناانصافی نہیں کی نہ ہی کبھی اپنے ساتھیوں کو ناراض کیا جس کے لئے وہ مبارک بادی کے مستحق ہیں۔انہوں نے موصوف کو کامیاب سروس کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے پر دلی مبارک باد پیش کی۔ مشتاق احمد ماسٹر اسکول نے زونل ایجوکیشن آفیسر اور چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ سے اپیل کی اسکول میں اساتذہ کی خالی آسامیوں کو فوری پْرکیا جائے تاکہ اسکول میں زیر تعلیم طلبہ وطالبات کا مزید تعلیمی نقصان نہ ہو۔ نائب پرنسپل لسانہ نے کہا کہ ہم پوری کوشش کریں گے ۔اس اسکول میں اساتذ ہ کی خالی اسامیاں پر ہوں۔ سید محمد یوسف شاہ نے بھی ضلع انتظامیہ اور چیف ایجوکیشن آفیسر سے اپیل کی ہے کہ ہائی اسکول لمبی پٹی ٹلہ کیلئے اساتذہ کا بندوبست کیا جائے تاکہ بچوں کا درس و تدریس متاثر نہ ہو۔ تقریب کے دوران اسکول کے ٹیچر مشتاق احمد نے نظامت کے فرائض انجام ،بشیر حسین شاہ ،غلام مصطفی شاہ ، ظفر احمد ،الیاس احمد شاہ ،سید شاہنوازفاروق احمد ہاشمی،محمد فاروق اس موقع پر موجود رہے۔

سی ای او پونچھ کو تعیناتی پر والہانہ استقبال
حسین محتشم
پونچھ//رہبر تعلیم اساتذہ فورم پونچھ نے ضلع صدر حمید نباض کی قیادت میں نئے تعیناتی چیف ایجوکیشن آفیسر بشمبف داس و ڈی ای پی او نرندر سوری کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ راجوری میں اپنی تعیناتی کے دوران موصوف نے نمایاں ہا کارنامے انجام دئے جس کا انکشاف وہاں کی آر ای ٹی ٹیچرز فورم نے کیا۔ضلع سینئر نایب صدر انعام الرحمان،نائب صدر مقداد علی میر،نشاط تانترے،مرتضی علی بدر،علی بہادر مکل،مشتاق احمد و دیگر مقررین نے اساتذہ کے دونوں افسروں کو یقین دھانی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے پابند رہیں گے اور کبھی بھی ان کو شکایت کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں افسران آر ای ٹی اساتذہ کے چھوٹے چھوٹے مسائل اولین فرصت میں حل کریں گے۔اس موقع پر ریاض بانڈے،بشیر ملک،طارق نائک،علی راٹھور،اسرار خان،بابر خان،اسلم شیخ،ڈاکٹر دلپزیر،شبیر احمد ضیافت علی و دیگر بھی بھی موجود رہے جنہوں نے م موصوف کا والہانہ استقبال کیا ۔

بیوی پر زیورات و نقدی لے کر فرار ہونے کاالزام
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سلواہ علاقہ کے رہائشی عبدالشکور نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس کی بیوی گزشتہ کئی ماہ سے لاپتہ ہوئی ہے تاہم اس نے مبینہ طورپر فرار ہوتے وقت نقدی اور زیورات بھی ساتھ لے لئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں پولیس سٹیشن میں ایک شکایت بھی درج کروائی گئی ہے لیکن ابھی تک اس کی بیوی کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے ۔متاثرہ عبدالشکور نے بتایا کہ اس نے 30دسمبر 2021کو رحمت بی دختر محمد صادق سکنہ کلر راجوری سے شادی کی تھی تاہم مذکورہ شادی محکمہ بجلی میں تعینات کبیر حسین سکنہ پمڑھ ناڑ نامی ایک ملازم نے کروائی تھی جبکہ مذکورہ محکمہ بجلی کے ملازم نے بطور وارث اپنا رول ادا کیا تھا ۔متاثرہ شخص نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس کی بیوی نقدی اور زیورات لے کر 12جنوری 2022کو فرار ہوئی تاہم اس دوران کبیر حسین نے اپنے ساتھ گاڑی میں بیٹھا کر اس کو لے لیا تھا جس کے بعد اس کی بیوی کا کوئی اتہ پتہ نہیں چل رہا ہے ۔عبدالشکور نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اگر اس کی بیوی کو کچھ بھی ہوتا ہے تو کبیر حسین نامی شخص اس کا ذمہ دار ہوگا جبکہ اس نے انتظامیہ سے انصاف کی بھی مانگ کی ہے

ڈی سی راجوری نے واٹر سپلائی سکیموں کا جائزہ لیا
راجوری//ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے جل شکتی میکینکل ڈویژن کے عہدیداروں کی میٹنگ میں پانی کی فراہمی کی اسکیموں کی مرمت اور دیکھ بھال کا جائزہ لیا۔ااجلاس کے دوران بتایا گیا کہ ضلع میں 324 سکیمیں ہیں جن میں سے 08 غیر فعال ہیں۔ ڈی ڈی سی کو ان سکیموں پر جاری مرمتی کام کی صورتحال اور اس سلسلے میں اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بتایا گیا۔ڈی ڈی سی نے متعلقہ افسر سے کہا کہ وہ تمام غیر فعال واٹر سپلائی سکیموں کو جلد از جلد بحال کریں تاکہ عام لوگوں کو پینے کے پانی کی مناسب فراہمی ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ بروقت مرمت سے کمیونٹی کو فائدہ ہوگا اور لوگوں کو پانی سے محروم نہیں ہونا چاہئے ۔ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ اور غیر منسلک گرانٹس کے تحت میکینکل ڈویژں کے کاموں کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ کے تحت 17 کام شروع کئے گئے ہیں اور 06 غیر منقولہ گرانٹس کے تحت شروع کئے گئے ہیں اور تمام کاموں کے لئے ٹینڈر جاری کر دئیے گئے ہیں۔ڈی ڈی سی نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ پانی سے متعلق عوامی شکایات کو بروقت دور کرنے کے لئے موثر اقدامات کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مولانا بشارت ’بیسٹ ایجوکیٹر ایوارڈ ‘سے سرفراز
حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ سے تعلق رکھنے والے مولانا مفتی بشارت حسین دینی و عصری علوم کے منفرد سنگم جامعہ معین السنہ کے سربراہ ہیں جن کو ممبئی میں بیسٹ ایجوکیشن ایوارڈ 2022سے سرفراز کیا گیا جس سے خطہ پیر پنجال میں خوشی کی لہر ڈور گئی ہے۔ممبئی میں منعقدہ انڈین ایجوکیشن سمٹ 2022 میں بیسٹ ایجوکٹر ایوارڈ ملنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے سنی علماء کونسل جموں و کشمیر کے جنرل سیکریٹری مولانا مفتی بشارت حسین ثقافی بانی جامعہ معین السنہ نے کہا کہ تعلیم، نظام زندگی کا احاطہ کرتی ہے، ساتھ ہی معاشرے میں شعور اْجاگر کرنے اور بچوں کی اچھی تربیت میں بھی معاون ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا ملک کی ترقی کا اندازہ اس کی شرح خواندگی سے لگایا جاسکتا ہے۔تعلیم، نظام زندگی کا احاطہ کرتی ہے، ساتھ ہی معاشرے میں شعور اْجاگر کرنے اور بچوں کی اچھی تربیت میں بھی معاون ہوتی ہے۔ کسی بھی ملک کی ترقی کا اندازہ اس کی شرح خواندگی سے لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا طالب علموں کو چاہیے کہ پیشہ ورانہ زندگی میں کامیابی کے لئے روایتی شعبوں سے ہٹ کر کسی ایسے شعبے میں تعلیم حاصل کریں، جن کی مستقبل میں مانگ اور روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہوں۔ انہوں نے کہا تعلیم وہ روشنی ہے، جو اندھیرے کو مٹا دیتی ہے۔ کسی بھی معاشرے میں اس بات کی اہمیت بڑھ جاتی ہے کہ شعبہ تعلیم میں صنفی مساوات کا لازمی خیال رکھا جائے تاکہ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی باشعور اور پڑھی لکھی ہوں تاکہ وہ عملی زندگی میں کچھ کرسکیں اور نسلوں کی بھی بہتر پرورش ہوسکے۔ انسان کی پہلی درسگاہ ماں کی گود ہوتی ہے اور اس کی تربیت بچے کے اچھے کردار کی بنیاد بنتی ہے۔ بچے کا زیادہ وقت اپنی ماں کے ساتھ گزرتا ہے اور وہ اس کے طور طریقے، عادات اور دلچسپیوں کو مستعار لیتا ہے۔ ماں بچے کو اچھے بْرے کی تمیز اور صحیح غلط کی پہچان سکھاتی ہے انہوں نے کہا کہ اج بنیادی سطح پر ضرورت ہے دور دراز علاقہ جات میں تعلیم کے لئے وسائل کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے خصوصا وہ علاقہ جن میں غریب بچے رہتے ہیں لیکن وہ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں ان کی تعلیم کو یقینی بنایا جائے دور دراز علاقہ اور سرحدی علاقہ پونچھ جہاں سے میرا تعلق وہاں کے طلبہ میں صلاحیتوں کی کوء کمی نہیں ہے لیکن وہاں طلبہ کو پلیٹ فارم مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔