اہم خبریں

ریچھ کے حملے میں 1زخمی
راجوری //راجوری ضلع میں بدھل علاقہ میں ریچھ کے حملے میں ایک شخص زخمی ہوگیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ کوٹرنکہ سب ڈویژن کی پنچایت حلقہ ترگائیں میں ریچھ کے حملے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے ۔زخمی کی شناخت محمد دین ولد عالہ دین سکنہ ترگائیں بدھل کے طورپر ہوئی ہے ۔اہل خانہ کے مذکورہ شخص ڈھوکوں میں مال مویشیوں کے ہمراہ گیا ہوا تھا جس کے دوران ایک ریچھ نے اس پر حملہ کر دیا ۔زخمی کو ایک مقامی سیول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے اس سے گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری مزید علاج معالجہ کیلئے منتقل کر دیا گیا ہے ۔

اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان کو روز گار فراہم کرنیکی مانگ
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سنی تحریک کونسل کے سربراہ محمد عرفان بھٹی اور دیگر کئی سیاسی اور سماجی شخصیات نے کہا ہے کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرے۔ انھوں نے کہا ہے کہ سرکار کی مدد کے بغیر نوجوانوں کو نجی روزگار میسر ہونا محال ہے۔ لیڈران نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف سرکاری نوکریوں پر منحصر نہ ہوں بلکہ خود بھی روزگار کے ذرائع تلاش کریں جہاں سے وہ دوسرے نوجوانوں کو بھی روزگار مہیا کرکے اپنے ملک اور قوم کو اور زیادہ ترقی یافتہ اور بے روزگاری سے آزاد کر سکیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ تاہم اس کیلئے یہ بے حد ضروری ہے کے حکومت وقت اور سرکاری افسران نوجوانوں کی رہنمائی کریں اور ہر ممکن مدد بھی فراہم کریں کیونکہ سرکار اور افسران اور کی مدد کے بغیر بیروزگاری ختم کرنا ممکن نہیں۔ انھوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر فلاحی اور غیر سرکاری تنظیموں سے بھی کہا کہ وہ بھی اس میں کام بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور چھوٹے بڑے پروجیکٹ لگا کر بیروزگار نوجوانوں کو مستقل روزگار فراہم کریں تاکہ نوجوان نسل مزید بیراہ روی کا شکار نہ ہونے پائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سرکاری دفاتر میں زیر التواء فائلیں طے شدہ میعاد یا مقررہ وقت کے اندر تکمیلی مراحل تک نہ پہنچنے کی وجہ سے ایک تو نوجوانوں کے روزگار کو متاثر کر رہا ہے ساتھ ہی اس سے رشوت کو بھی فروغ مل رہا ہے۔ کیونکہ اگر ہر طرح کی فائل کی پروسیسسنگ یا تحقیق کو مکمل کرنے کیلئے میعاد مقرر ہوگی تو اس سے رشوت خوری پر قدغن لگانے میں بھی مدد ملے گی اور عوام بھی رشوت دینے پر مجبور نہیں ہوگی۔ سیاسی لیڈران نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر قانون بھی بنایا جائے اور سرکاری افسران کو فوری طور ہدایت دی جائے کہ وہ ہر طرح قسم کی فائلوں کیلئے مدت مقرر کریں کے کون سی فائل کیلئے کتنی مدت ہوگی اور وقت مقررہ پر کام مکمل نہ کر پانے والے افسران کی گرفت کو بھی یقینی بنایا جائے۔ تاکہ عام آدمی کو کسی بھی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

راجوری میں تلاشی مہم چلائی گئی
سمت بھارگو
راجوری//سیکورٹی فورسز نے منگل کو راجوری کے خواص کے لٹی اور دیگر علاقوں میں مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد تلاشی مہم چلائی ۔حکام نے بتایا کہ منگل کی صبح فوج اور پولیس نے راجوری کے لٹی اور دیگر ملحقہ دیہاتوں میں تلاشی شروع کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں کچھ مشکوک نقل و حرکت کے حوالے سے مخصوص اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیمیں موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ان کا کہنا تھا کہ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں تلاشی جاری ہے تاہم ابھی تک کوئی مشکوک اشیاء برآمد نہیں ہوئی تھی ۔

گوردوارہ پربندک کمیٹی انتخابات
نجی سکول ایسوسی ایشن کی منتخب نمائندوں کو مبارکباد
حسین محتشم
پونچھ// ضلع گوردوارہ پربندک کمیٹی کے حالیہ انتخابات میں تمام منتخب نمائندوں کو مبارکباد پیش کیاہوئے وحید احمد بانڈے صدر پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن ضلع پونچھ اور شفیق احمد قریشی چیف پبلسٹی سیکریٹری نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جے کے پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے تمام لیڈران اور کارکنان کی جانب سے ضلع گرودوارہ پربندھک کمیٹی پونچھ کو اور سکھ برادری کو اس موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور سب کو نیک خواہشات پیش کرتے ہیں اور درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے معاشرے میں بھائی چارے، امن اور اتحاد کے جذبے کیلئے کام کریں اور اپنے ضلع کی وحدت کے خوبصورت کلچر کو مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضلع میں پرامن انتخابات کروانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو بھی مبارک باد پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے ایک ٹھوس اقدام اٹھائے اور تمام تر انتظامات کو بہتر طریقہ کار سے انجام دیا۔اس دوران آج دوسرے روز بھی سردارنریندرسنگھ اور دیگر جیتنے والے امیدواروں کے گھروں پر لوگوں کا رش رہا اور لوگ ان کے گھر پہنچ کر ان کے ہار پہنا کر مبارکباد کے پیغام دیتے نظر آئے۔

 

ہیڈ ماسٹر محمد افضل کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ //ہیڈ ماسٹر محمد افضل کی محکمہ تعلیم سے سبکدوشی 30 جون 2022 کو ہورہی ہے ۔ان کے اعزاز میں الوادعی تقریب سلسلہ شروع ہے۔گورنمنٹ مڈل اسکول پھاگلہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا اس تقریب میں کمپلیکس کے درجنوں اساتذہ نے شرکت کی ۔اس تقریب کی صدارت نائب تحصیلدار منظور حسین نے کی جبکہ اس موقع پر نائب پرنسپل لسانہ صابر حسین شاہ بھی موجود تھے پروگرام کی نظامت فاروق ہاشمی نے کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید محمد یوسف شاہ نے کہا محمد افضل نہ صرف ایک اچھے استاد تھے بلکہ وہ ایک اچھے اخلاق اور اچھے کردار کے مالک بھی ہیں جنہوں نے اپنے فریضے سے کبھی ناانصافی نہیں کی نہ ہی انہوں نے کبھی ساتھیوں کو ناراض کیا اس کے لئے ہم انہیں مبارک باد پیش کرتے ہیں کیونکہ وہ کامیاب سروس کرنے کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔اس تقریب میں انچارج اسکول ماسٹرخورشید، ماسٹر مشتاق احمدہائی اسکول لمبی پٹی ٹلہ پھاگلہ ،الیاس احمد شاہ ،سید شاہنواز ،ولایت علی شاہ ،طاہر محمود، محمد فاروق ،معروف حسین شاہ ،عارف رضا شفیق احمد نے بھی خطاب کیا۔

شیعہ فیڈریشن پونچھ کااظہار تعزیت
حسین محتشم
پونچھ//شیعہ فیڈریشن کے صوبائی نائب صدر محمد بشیر میر و ضلع صدرجعفرحسین ونتو، جنرل سیکریٹری نجم جعفری،ڈاکٹر اصغر علی میر ،ماسٹر عارف حسین میر، ماسٹر انور حسین ونتو،شبیر حسین ڈار ،امتیاز حسین میر و دیگر اراکین فیڈریشن نے مولانا سید مختار حسین جعفری کی ہمشیرہ اور سابق جوائنٹ ڈائر یکٹر سید نذیر حسین شاہ اور ڈاکٹر ذاکر حسین شاہ کی والدہ کے انتقال پر تعزیت وتسلیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پروردگار عالم سے دعا گو ہیں کہ وہ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور ان کو جوار چہاردہ معصومین میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مرحومہ کے تمام لواحقین بالخصوص ڈاکٹر سید مشتاق حسین جعفری،حجتہ الاسلام مولانا سید مظہر علی جعفری، حجتہ الاسلام مولانا سید محمد کوثر علی جعفری، حجتہ الاسلام مولانا سید انعام علی جعفری، سید ناطق حسین جعفری، سید عظمت حسین جعفری، ڈاکٹر سید ذاکر حسین جعفری فردوس اور ان کے دیگر تمام احباب و رشتہ داروں کی خدمت میں تعزیت وتسلیت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرحومہ ایک نیک سیرت، پاک دامن نماز و روزہ کی پابند، دیندار،متقی پرہیزگار خاتون تھیں جن کی موت سے پیدا ہوا خلاء پر نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ وہ اس غم کی گھڑی میں مرحومہ تمام لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی ان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔