اقبال آبادبمنہ کی ڈرین،لوگوں کیلئے وبال جان | نالی مسدود ہونے سے بارش کاپانی لوگوں کے صحنوں میں داخل

ظفر پال

سرینگر//اقبال آباد بمنہ میںڈرین کی مؤثر طریقہ سے صفائی نہ کرنے سے بارشوں سے جمع ہونے والا پانی مکینوں کیلئے دردِ سر بن جاتا ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہوکرجاتے ہیں ۔ اقبال آباد لین نمبر 3میں رہائش پذیر کنبوںکی نقل و حرکت اُس وقت مسدود ہوکر رہ جاتی ہے جب بارشیں ہوجاتی ہیں۔ کوچے میں بارشوںکا جمع پانی گھروں کے صحنوں میں داخل ہوجاتا ہے اور بدبودار پانی کے سبب مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑتاہیں۔ لین نمبر3میں رہائش پذیرمقامی شہری امتیاز احمد خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گلی میںہاوس نمبر18سے ہائوس نمبر25تک 8گھرانے مقیم ہیں اور جب بھی بارشیں یا برفباری ہوتی ہے توگلی سے عبورو مرور کرنا ناممکن بن جاتاہے اورسنیچر اور اتوار سے جاری بارشوں کے سبب گلی میں عفونت سے بھرا پانی جمع ہے۔ امتیاز احمد نے مزید کہاکہ ڈرین کی صفائی نہ ہونے سے اس کا خمیازہ مکینوںکو بھگتنا پڑرہا ہے۔ مذکورہ شہری کاکہنا ہے کہ 3ماہ قبل مکینوں نے تحریری طور پر ڈرین Blockہونے کا معاملہ متعلقہ حکام کی نوٹس میں لایا تاہم ابھی تک رہائش پذیر لوگوںکو راحت پہنچانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ ایک اور مقامی شہری عبدالرشید خان نے کہاکہ بارشوں اور برفباری کی بات تو دور کی بات ہے، ڈرین بلاک ہونے کی وجہ سے موسم گرما میں بھی گلی میں بدبودار پانی جمع ہونے سے راہگیروں اور مقامی آبادی کو چلنے پھرنے میں دشواریوں کا سامنا کرناپڑرہا ہیں۔ مذکورہ شہری نے کہاکہ نہ صرف یہاںکے مکینوں بلکہ اقبال میموریل سکول میں زیر تعلیم طلاب کو بھی تعلیمی ادارے میں پہنچنے کیلئے اسی گلی سے گزرنا پڑتاہے اورسڑک پر کیچڑ اور گندہ پانی ہونے کی وجہ سے انہیں دیگر لمبی مسافت والے راستوں کا انتخاب کرنا پڑتاہے۔ مقامی آبادی کا متعلقہ محکمہ سے مطالبہ ہے کہ مکینوںکو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے نئی ڈرین کی تعمیر کی جائے جس کیلئے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔