ابر آلود موسم کے بیچ شاہراہ پر ٹریفک جاری ڈھلواس ، مہاڑ اور شیر بی بی میں ٹریفک کی روانی سست رہی:حکام

محمد تسکین

بانہال// بانہال اور رام بن کے سیکٹر میں بدھ کی صبح سے ہی مطلع ابر آلود تھا اور شام تک یہ سلسلہ یوں ہی جاری تھا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک بارشوں اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیشنگوئی کر رکھی ہے۔اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت بغیر کسی خلل کے جاری ہے اور شاہراہ پر مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف کے ٹریفک میں جبکہ مال گاڑیوں کو ترتیب کے ساتھ ایک ایک طرف سے ہی چلنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ ناشری اور بانہال کے درمیان شاہراہ کئی مقامات پر یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے جبکہ اس سیکٹر میں روزانہ کی بنیادوں پر تین چار گاڑیاں سڑک میں خراب ہو جاتی ہیں اور آج بھی ایسا ہی ہوا اور شیر بی بی ایک گاڑی بیچ سڑک خراب ہوئی اور ٹریفک کی نقل وحرکت سست رفتار رہی۔انہوں نے کہا کہ ڈھلواس ، مہاڑ ، رامسو ، ناچلانہ اور شیر بی بی کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی سست رو رہی۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں جھکینی ادھم پور سے مال بردار گاڑیوں اور پتنی ٹاپ کے علاقے میں روکے گئے ایندھن بردار ٹینکروں کو وادی کشمیر کیطرف بحال کیا گیا۔