انجینئر رشید کی رہائی پر دوہرا معیار کیوں؟ الطاف بخاری کا مرکزی حکومت سے سوال، حلف کیلئے فوری رہائی پر زور

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// اپنی پارٹی سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے حلف لینے کیلئے عوامی اتحاد پارٹی سربراہ انجینئر رشید کی فوری رہائی پر زور دیتے ہوئے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ کشمیریوں کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جارہا ہے۔
ایک بیان میں بخاری نے کہا، “دو عوامی نمائندوں کے ساتھ سلوک میں تفاوت کیوں؟ عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ کو اس سال کے شروع میں راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر حلف لینے کے لیے رہا کیا گیا تھا اور انجینئر رشید کو بہت بڑا عوامی مینڈیٹ ملنے کے باوجود، رکن پارلیمنٹ کے طور پر حلف لینے کے لیے ابھی تک کوئی ریلیف نہیں دیا جا رہا ہے”۔
بخاری نے سوال کیا کہ کشمیریوں کے ساتھ یہ سوتیلی ماں والا سلوک کب ختم ہوگا اور نئی دہلی جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ملک کے دیگر حصوں کے برابر سلوک کرنے لگے گی؟”
انہوں نے کہا، “جب جموں و کشمیر سے متعلق معاملات کی بات آتی ہے تو مختلف نقطہ نظر کو دیکھنے کے لئے اسے ہندوستان کے ضمیر پر چھوڑ دیتے ہیں”۔