ڈوڈہ جھڑپ میں 3 غیر ملکی ملی ٹینٹ جاں بحق، پولیس اہلکار زخمی

عظمیٰ ویب ڈیسک

ڈوڈہ// ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ کے سنو لگور جنگل میں آج صبح فورسز و ملی ٹینٹوں کے درمیان شروع ہوئی جھڑپ میں تین غیر ملکی ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے۔
ادھر، فرضی خبروں اور افواہوں پر قابو پانے کیلئے گندوہ علاقے میں انٹرنیٹ خدمات کو محدود رکھا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ آج صبح 9 بجے کے قریب پولیس و سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع ملنے پر سنو کے لگور جنگل کا محاصرہ کیا جس دوران ملی ٹینٹوں نے فائر کھولا اور پھر دونوں طرف سے بھاری گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوا جو اب تک جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے حوالے سے ملی جانکاری کے مطابق ملی ٹینٹوں نے ایک کچے مکان میں پناہ لی تھی جہاں ان کو مار گرایا گیا ہے۔
اے ڈی جی پی جموں، ایس ایس پی ڈوڈہ سمیت دیگر سینئر پولیس و فوجی افسران نے جھڑپ کے مقام کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔
پولیس کے افسر نے کشمیر عظمیٰ کو اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تینوں ملی ٹینٹوں کو مارگرایا ہے اور ان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس آفیسر نے مزید کہا کہ ان کے قبضے سے 2 ایم 4 گنز و ایک اے کے 47 و دیگر اسلحہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
فائرنگ کا یہ سلسلہ تاحال رک گیا ہے اور علاقہ میں انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔