امرناتھ یاترا | 6600 سے زائد یاتریوں مشتمل تیسرا جتھا کشمیر روانہ

عظمیٰ ویب ڈیسک

جموں// 6,619 یاتریوں کا تیسرا جتھا جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے دو الگ الگ قافلوں میں کشمیر میں سالانہ امرناتھ یاترا میں شامل ہونے کے لیے روانہ ہوا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ 52 روزہ سالانہ یاترا کے پہلے دن تقریباً 14,000 یاتریوں نے 3,880 میٹر کی بلندی پر واقع مقدس گپھا کے درشن کئے۔
تیسرے جتھے میں 1,141 خواتین بھی شامل تھیں، 319 گاڑیوں میں صبح 3 بج کر 50 سے 4 بج کر 45 کے درمیان سخت سیکیورٹی کے درمیان روانہ ہوا۔
حکام نے بتایا کہ جب یاتری کشمیر کے لیے روانہ ہوئے تو جموں میں بارش ہو رہی تھی، انہوں نے مزید کہا کہ 3,838 عقیدت مندوں نے پہلگام کا راستہ اختیار کیا جبکہ 2,781 یاترا کرنے کے لیے بالتل کی طرف جارہے تھے۔
اس کے ساتھ، 28 جون سے کل 13,103 یاتری جموں کے بیس کیمپ سے وادی کے لیے روانہ ہوئے جب لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پہلے جتھے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا۔
یاترا 19 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ پچھلے سال 4.5 لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے گپھا کے درشن کئے تھے۔