کنگن میں چوری کا معاملہ حل، مسروقہ بیٹریوں سمیت ایک گرفتار

غلام نبی رینہ

کنگن// گاندربل پولیس نے چوری کی واردات میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرکے بی ایس این ایل ٹاور سے چوری کی گئی بیٹریاں برآمد کرلی ہیں۔
گاندربل پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ 14 جون کو سب ڈوثرنل منیجر بی ایس این ایل گاندربل نے کنگن تھانے میں ایک تحریری شکایت درج کرائی تھی کہ مامر کنگن میں قائم بی ایس این ایل ٹاور کی 24 بیٹریاں چوری ہوئی ہیں جس کے بعد ایس ایس پی گاندربل سندیپ گپتا کی ہدایت پر ایس ڈی پی او کنگن مظفر جان کی نگرانی میں ایس ایچ او کنگن محبوب اقبال کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کے ذریعے ایک ٹاٹا موبائل کی نقل و حمل سی سی ٹی وی میں دیکھی گئی جس کے بعد پولیس نے ایک ٹاٹا موبائل زیر نمبر JK05M-0864اور ایک ماروتی کار زیر نمبر JK05B-5388 کی شناخت کر کے ضبط کی اور اس سلسلے میں نذیر احمد ڈار ساکن رخی ہائی گام سوپور حال پوشواری نائد کھائی کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ تفتیش کے دوران اُس کے قبضے سے چرائی گئی 24بیٹریاں برآمد کرلی گئی ہیں جبکہ چوری کی وارداتوں میں استعمال کی گئی دونوں گاڈیوں کو ضبط کیا گیا ہے۔
معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔