اسمبلی انتخابات کی تیاریاں شروع کریں؛ سی ای او کی ضلع الیکشن افسران کو ہدایت

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر نے ضلعی انتخابی افسران (ڈی ای اوز) کو ایک مکتوب کے زریعے ہدایت دی ہے کہ وہ یونین ٹیریٹری میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے انتخابی منصوبہ ساز میں درج سرگرمیاں شروع کریں۔
سی ای او نے تمام 20 ڈپٹی کمشنروں (جو کہ ضلعی انتخابی افسر بھی ہیں) کو ایک مکتوب لکھا ہے، ای سی آئی کے ذریعہ بتائے گئے “الیکشن پلانر” کے طور پر کی جانے والی سرگرمیاں شروع کریں۔
مکتوب کے مطابق، “الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے ووٹر لسٹ کی نظرثانی کا شیڈول جاری کرکے عمل شروع کر دیا ہے۔ براہ کرم الیکشن کمیشن کے انتخابی منصوبہ ساز میں بیان کردہ پری پول سرگرمیاں شروع کریں تاکہ انتخابات کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام تیاریاں وقت پر مکمل ہو جائیں”۔
انتخابی منصوبہ ساز الیکشن کے انعقاد کے لیے انتخابی حکام کے ذریعے کیے جانے والے مختلف منصوبوں اور سرگرمیوں کی تیاری کے لیے رہنما کے طور پر کام کرتا ہے۔
20 جون کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، ” جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس سے بہتر اور کیا ہو سکتا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ اپنے نمائندے کو منتخب کریں اور ان کے ذریعے اپنے مسائل کو حل کریں۔ اس لیے اسمبلی انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب آپ جموں و کشمیر کی نئی حکومت اپنے ووٹ سے منتخب کریں گے۔ وہ دن جلد ہی آئے گا جب جموں و کشمیر اپنے مستقبل کو ایک بار پھر ایک ریاست کے طور پر تشکیل دے گا”۔