سونہ مرگ حادثہ: لاپتہ سیاح کی تلاش تیسرے روز بھی جاری

سرینگر// وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے ہنگ سونہ مرگ علاقے میں ایک سڑک حادثے کے دوران لاپتہ ہونے والے سیاح کی تلاش منگل کو تیسرے روز بھی جاری ہے۔
بتادیں کہ گندربل کے ہنگ سونہ مرگ علاقے میں اتوار کے روز ایک تویرا گاڑی سڑک سے لڑھک کر نالہ سندھ میں جاگری تھی جس کے نتیجے میں 5 افراد کی موت واقع ہوئی تھی جبکہ ایک سیاح ہنوز لاپتہ ہے۔ اس واقعے میں تین افراد کو بچا لیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ نالہ سندھ میں لاپتہ ہونے والے سیاح کی تلاش کے لئے پولیس، ایس ڈی آر ایف یونٹ اور مقامی رضاکاروں نے منگل کو تیسرے روز آپریشن تیز تر کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ پیر کی شام خراب موسمی حالات اور اندھیرے کی وجہ سے اس آپریشن کو بند کر دیا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ منگل کی صبح یہ آپریشن وسیع پیمانے پر دوبارہ شروع کیا گیا۔