فائرنگ واقعے کے بعد راجوری میں سیکورٹی سخت، تلاشی آپریشن جاری

یو این آئی

جموں// پیر کی شام پیش آنے والے واقعے کے بعد جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں سیکورٹی کو سخت کر دیا گیا ہے اور وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
بتادیں کہ راجوری ضلع کے شاردا شریف علاقے میں پیر کی شام مشتبہ ملی ٹینٹوں نے ٹریٹوریل آرمی کے ایک جوان کے گھر پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فوجی اہلکار کا بھائی محمد رزاق ولد محمد اکبر گولیاں لگنے سے برسر موقع ہی جاں بحق ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد راجوری میں سیکورٹی کو سخت کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں کو جگہ جگہ تعینات کر دیا گیا ہے اور واقعے کی بڑے پیمانے پر جانچ چل رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کے لئے اس علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے سرنکوٹ میں اتوار کے روز ایک آپریشن کے دوران قمر الدین نامی ایک ہیڈ ماسٹر کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے پستول اور گرینیڈ برآمد کیا تھا۔