پونچھ حملہ: تلاشی آپریشن دوسرے روز بھی جاری، اضافی کمک تعینات

عظمیٰ ویب ڈیسک

مینڈھر// پونچھ ضلع کے مینڈھر میں بھارتی فضائیہ کے قافلے پر حملے میں ایک اہلکار کی ہلاکت کے بعد اتوار کی صبح سیکورٹی اہلکاروں نے تلاشی مہم شروع کی۔ سرچ آپریشن مشتبہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے میں ناکے لگائے ہیں اور چیکنگ جاری ہے۔
بھارتی فوج کے اضافی دستے ہفتہ کی رات دیر گئے پونچھ میں جڑانوالی گلی (جے ڈبلیو جی) پہنچ گئے ہیں۔
یاد رہے کہ ہفتہ کی شام سنائی گاوں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے بھارتی فضائیہ کی گاڑیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 اہلکار ہوئے، زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ادھم پور کے کمانڈ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
حملے کے بعد، مقامی راشٹریہ رائفلز یونٹ نے ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لیے فوج اور پولیس کے تعاون سے آس پاس کے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کارروائیاں شروع کیں۔
آئی اے ایف نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نشانہ بنائے گئے قافلے کو محفوظ بنا لیا گیا ہے، اور جاری تحقیقات پر زور دیا۔
گاڑیوں کو شاہستار کے قریب عام علاقے میں ایئر بیس کے اندر محفوظ کر لیا گیا ہے۔