شمالی کشمیر میں ملی ٹینٹ معاون گرفتار، اسلحہ و گولہ بارود برآمد: پولیس

عظمیٰ ویب ڈیسک

سوپور// سوپور پولیس، 22 راشٹریہ رائفلز اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 179 بٹالین کی مشترکہ کارروائی کے دوران ایک ملی ٹینٹ ساتھی کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس کی گاڑی سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر قابل اعتراض مواد برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ مشترکہ آپریشن بومئی (بارہمولہ) تا مچی پورہ (ضلع کپواڑہ) سڑک پر کیا گیا اور گرفتاری اور بازیابی اتوار کی شام تقریباً 7 بج کر 40 منٹ پر کی گئی۔ گرفتار ملی ٹینٹ ساتھی کی شناخت وحید الظہور کے طور پر کی گئی ہے جس کا تعلق سرینگر کے مصطفی آباد علاقے کے ہادی پورہ سے ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ برآمد کئے گئے اسلحے اور گولہ بارود میں دو ترک پستول، تین ترک پستول میگزین، 41 پستول کے راوند، دو چینی دستی بم، ایک ترک پستول سائلنسر اور دیگر مجرمانہ آئی ای ڈی مواد شامل ہے۔
سوپور پولیس کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، ”ناکے کے دوران، ایک سفید رنگ کی کار… جو بومئی سے مچی پورہ کی طرف آرہی تھی، کو روکا گیا۔ اسے رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن گاڑی کے ڈرائیور نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن چوکس ناکہ پارٹی نے اسے تدبیر سے پکڑ لیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ پوچھ گچھ پر اس نے اپنی شناخت ظاہر کی اور سرچ آپریشن کے دوران مذکورہ اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
پولیس نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ایک ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔ معاملے میں مزید بازیافتوں اور گرفتاریو کی توقع ہے۔