ذاتی مفادات کے حامل افراد انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں: محبوبہ مفتی

Photo: Amaan Farooq

یو این آئی

سرینگر// جموں وکشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی )کی صدر محبوبہ مفتی نے اتوار کے روز کہاکہ اننت ناگ سیٹ پرالیکشن کی تاریخ بدلنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
انہوں نے سوالیہ انداز میں کہاکہ بارش مہینوں جاری رہی تو الیکشن نہیں ہوں گے؟
ان باتوں کا اظہار محبوبہ مفتی نے کولگام میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر الیکشن ملتوی کرانے کے حوالے سے کوششیں کی جارہی ہیں۔
محبوبہ مفتی نے کہاکہ یہ صرف بہانے ہیں جب انہوں نے لوگوں کا سیلاب دیکھا تو وہ ڈر گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کسی ایک شخص یا پارٹی کے کہنے پر الیکشن عمل کو خراب نہ کیا جائے۔
پی ڈی پی صدر نے کہاکہ پورے ملک میں الیکشن ہو رہے ہیں اس دوران متعدد مقامات پر موسم ناخوشگوار ہے تو اس کا مطلب ہے کہ جہاں پر موسم خراب ہے وہاں الیکشن کو ملتوی کیا جائے۔
محبوبہ مفتی نے مطالبہ کیا کہ اننت ناگ-راجوری سیٹ کے لیے انتخابات شیڈول کے مطابق ہونے چاہئیں اور اس میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے انتخابات کو ملتوی کرنے کے لیے بعض افراد کی جانب سے استعمال کیے جانے والے خفیہ ہتھکنڈوں پر تشویش کا اظہار کیا لیکن اس بات پر زور دیا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابی عمل کی ساکھ کو برقرار رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا، “ایک طویل عرصے کے بعد، یہاں کے لوگوں کا جمہوری عمل پر اعتماد بحال ہوا ہے اور وہ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔”
محبوبہ مفتی نے کہا:”خراب موسم سے آپ کا کیا مطلب ہے؟ آپ نے ملک میں بارش کی وجہ سے انتخابات میں تاخیر کے بارے میں کہاں سنا ہے؟ یہ جموں و کشمیر میں انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے ذاتی مفادات کے حامل افراد کے ذریعے اختیار کیے گئے حربے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی لوگوں کے دلوں میں ابھی بھی زندہ ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ آج یہاں لوگوں کا سیلاب امڈ آیا ۔
محبوبہ مفتی نے کہاکہ ہمیں پوری امید ہے کہ راجوری اننت ناگ پارلیمانی نشست پر لوگ پی ڈی پی کے حق میں اپنی رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
پی ڈی پی صدر کے مطابق پی ڈی پی واحد ایسی جماعت ہے جو لوگوں کے جذبات و احساسات کی بات کرتی ہیں باقی سیاسی جماعتیں صرف پی ڈی پی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔