لوک سبھا انتخابات: عمر عبداللہ نے بارہمولہ سے کاغذات نامزدگی داخل کرائے

عظمیٰ ویب ڈیسک

بارہمولہ// نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابقہ ریاست جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو بارہمولہ لوک سبھا حلقہ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
عمر کے ساتھ پارٹی کے ایک سینئر لیڈر اور کارکنان بھی تھے اور انہوں نے بارہمولہ لوک سبھا سیٹ کے لئے ریٹرننگ آفیسر منگا شیرپا (ڈپٹی کمشنر بارہمولہ) کے سامنے اپنا کاغذات نامزدگی داخل کرائے۔
اسی دوران تقریب میں کانگریس کارکنان کو بھی دیکھا گیا جو انڈیا الائنس کے نعرے لگا رہے تھے۔
عمر نے سرینگر سے بارہمولہ کی طرف روانہ ہوتے ہوئے کہا کہ وہ بھاری اکثریت سے سیٹ جیتنے کی امید کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بارہمولہ میں انتخابی میدان کے لیے پیپلز کانفرنس کے سجاد غنی لون اور ایک آزاد امیدوار انجینئر رشید جیسی اہم شخصیات سمیت کل 11 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے ہیں۔
اس نشست پر انتخابات 20 مئی کو ہونے والے ہیں اور ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہو گی۔