بارہمولہ میں ملی ٹینٹ معاون گرفتار: پولیس

یو این آئی

بارہمولہ// بارہمولہ پولیس نے لشکر طیبہ /ٹی آر ایف سے وابستہ ملی ٹینٹ معاون کو ہتھیار و گولہ بارود سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ منگل کے روز 46آر آر اور بارہ مولہ پولیس نے ایکو پارس کراسنگ کے نزدیک لگایا جس دوران ایک مشتبہ نوجوان نے سلامتی عملے کو دیکھتے ہی راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی ۔
انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر نوجوان کو دھر دبوچا اور اس کے قبضے سے ایک پستول ، پستول میگزین اور تین گرینیڈ برآمد کرکے ضبط کئے۔
موصوف ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران نوجوان کی شناخت شاکر احمد لون ولد عبدالرشید ساکن ڈانگر پورہ شیری کے بطور ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملی ٹینٹ معاون نے تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ تخریبی سرگرمی کو انجام دینے کی خاطر پاکستانی ہینڈلز کے ساتھ رابطے میں تھا۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔