لوک سبھا الیکشن لڑنے کا مقصد ’وقار کی بحالی‘ ہے؛ نامزدگی داخل کرنے کے بعد محبوبہ مفتی کا بیان

عظمیٰ ویب ڈیسک

اننت ناگ// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے جمعرات کو جموں و کشمیر کے لوگوں سے آئندہ لوک سبھا انتخابات کا بائیکاٹ نہ کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات سڑکوں، پانی اور بجلی کے لیے نہیں بلکہ وقار کی بحالی کے لیے لڑے جا رہے ہیں، جس پر 05 اگست 2019 کے بعد نئی دہلی کی طرف سے حملہ کیا جا رہا ہے۔
محبوبہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ میں نامہ نگاروں سے بات کر رہی تھیں جہاں انہوں نے اننت ناگ-راجوری پارلیمانی سیٹ کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ وقار کی بحالی کے لیے ووٹ دیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا الیکشن سڑکوں، بجلی یا پانی کے لیے نہیں لڑا جا رہا ہے بلکہ شناخت، وقار کی بحالی، وسائل کی واپسی اور بجلی کے منصوبوں اور زمین اور روزگار کے حقوق کے لیے لڑا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور خطے کے لوگوں کو مزدوروں کی طرح بنایا جا رہا ہے، تاہم اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
محبوبہ نے کہا، “یہ ہماری زمین ہے اور ہمارے روزگار کے مواقع پر ہمارا حق ہے۔ ہم اپنی شناخت، وقار اور مستقبل پر حملہ کی اجازت نہیں دیں گے“۔
انہوں نے اس موقع پر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس بار انتخابات کا بائیکاٹ نہ کریں اور ایسے عناصر کو بے نقاب کریں جو ووٹنگ کے شفاف انعقاد کو سبوتاڑ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
محبوبہ نے کہا، ” میں جموں و کشمیر کے لوگوں سے اپیل کرنا چاہتی ہوں کہ اس بار بائیکاٹ نہ کریں، اور ووٹنگ کے لیے آگے آئیں، تاکہ پردے کے پیچھے موجود عناصر کو بے نقاب کیا جائے”۔