بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف سونہ مرگ کے علاقے میں لوگوں کا احتجاجی مظاہرہ

غلام نبی رینہ

کنگن// تحصیل گنڈ کے پتھری بل گگن گیر سونمرگ میں مرد و زن نے محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیکر گاڑیوں کی آمدورفت بند کردی۔
مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ مقامی بستی میں دو ماہ سے بجلی کی عدم دستیابی کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
احتجاجی لوگوں کا کہنا تھا کہ اگرچہ مقامی بستی میں تین بار بجلی ٹرانسفارمر کو مرمت کرکے نصب کیا جاتا ہے لیکن چند ہی گھنٹوں میں وہ خراب ہوجاتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بجلی فیس میں اضافہ ہونے کے بعد وقت پر بجلی بلیں ادا کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی انہیں اندھیرے میں رہنا پڑتا ہے۔
مقامی لوگوں کے احتجاج کے بعد سرینگر سونمرگ شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل رہا بعد میں ایس ایچ او گنڈ انسپکٹر لطف علی، تحصیلدار گنڈ جائے موقع پر پہنچ گئے اور احتجاجی لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو بجلی کے افسران کے ساتھ اٹھایا جائے گا جس کے بعد ان کی یقین دہانی پر لوگوں نے دھرنا ختم کیا اور شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت بحال کردی گئی۔