بارہمولہ لوک سبھا حلقے سے انجینئر رشید کے کاغذات نامزدگی داخل

عظمیٰ ویب ڈیسک

بارہمولہ// عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے بانی انجینئر عبدالرشید شیخ کے کاغذات نامزدگی پارٹی نے ریٹرننگ آفیسر بارہمولہ کے سامنے پیش کئے ہیں۔
پارٹی ترجمان فردوس بابا نے کہا کہ تمام ضروری قانونی اور انتظامی ضابطوں کی تکمیل کے بعد ڈی سی دفتر بارہمولہ میں ریٹرننگ آفیسر منگا شیرپا کے سامنے کاغذات نامزدگی داخل کرائے۔
بابا نے کہا، “ہم کاغذات نامزدگی کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے حکام کی طرف سے حتمی منظوری کا انتظار کر رہے تھے اور اپنی مہلت تک ہم نے کل ہی رسمی کارروائیوں کو پورا کیا”۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد پارٹی ترجمان نے پارٹی رہنماوں کی موجودگی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا جن میں جنرل سیکریٹری شہزادہ پرویز، پارلیمانی امور کمیٹی کے سربراہ اشتیاق قادری، ترجمان فردوس قادری، ڈی ڈی سی اور اے آئی پی انچارج نارتھ چیپٹر مظفر ڈار، سینئر رہنما اعجاز احمد ، ڈی ڈی سی خورشید احمد ڈار، سابق بی ڈی سی لنگیٹ شوکت پنڈت، سابق بی ڈی سی قاضی آباد بشیر احمد، سابق بی ڈی سی ماور میر طاہر اور دیگر رہنما شامل تھے۔
اس دوران معلوم ہوا ہے کہ پارٹی نے نامزد امیدوار کے کورنگ امیدوار کے طور پر رشید کے بڑے بیٹے ابرار رشید کو نامزد کیا ہے۔
واضح رہے کہ مقابلہ کرنے والے امیدوار انجینئر راشد اس وقت تہاڑ جیل میں مبینہ منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں بند ہیں۔