ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت بنا چمپئن، فائنل مقابلے میں جنوبی افریقہ کو 7 رنز سے شکست

عظمیٰ ویب ڈیسک

باربڈوس// آئی سی سی ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ بھارت نے اپنے نام کر کے تاریخ رقم کر لی ہے۔ فائنل مقابلے میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو دلچسپ مقابلے میں 7 رنز سے شکست دی ہے۔
پہلی اننگ میں وراٹ کوہلی (76) کی دانشمندانہ نصف سنچری اننگز اور اکشر پٹیل (47) کے ساتھ 72 رن کی اہم شراکت داری کی مدد سے بھارت نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹوں پر 176 رن بنائے۔
تقریباً پورے ٹورنامنٹ میں خاموش رہنے والا وراٹ کا بلا، آج خطابی میچ میں جم کر دہاڑہ۔ وراٹ نے مارکو جانسن کے پہلے اوور میں تین چوکے لگا کر اپنے ارادوں کا اظہار کیا۔ بھارت نے پہلے اوور میں 15 رن بنائے تھے، اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ اس پچ پر 200 سے اوپر کا سکور ممکن ہو گا، لیکن جنوبی افریقہ کے گیند بازوں نے زبردست واپسی کرتے ہوئے پہلے پاور پلے میں ہی بھارت کے تین اہم وکٹ روہت شرما (9) رشبھ پنت (0) اور سوریہ کمار یادو (3) کے وکٹ لے کر نیلی جرسی ٹیم کو بیک فٹ پر دھکیل دیا اور میدان پر خاموشی چھا گئی۔
کیشو مہاراج نے روہت اور رشبھ کے وکٹ حاصل کئے جب کہ سوریہ کمار کیسیگو ربادا کی گیند کو پل کرنے کی کوشش میں ڈیپ اسکوائر لیگ پر کیچ ہوگئے۔ اس مشکل وقت میں وراٹ کا ساتھ دینے آئے اکشر نے تحمل سے بلے بازی کی اور بھارت کے سکور بورڈ کو چلتا رکھا اور دونوں بلے بازوں نے چوتھے وکٹ کے لیے 72 رن کی اہم شراکت کی۔ دھماکہ خیز انداز میں اننگز کا آغاز کرنے والے وراٹ نے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باونڈری کے بجائے وکٹوں کے درمیان دوڑنے کو ترجیح دی جبکہ آخری اوور میں انہوں نے گیئرز بدلے اور اپنے مانوس انداز میں جنوبی افریقہ کے گیند بازوں کے بخئے ادھیڑ دیئے۔ وہ اننگز کے 19ویں اوور میں مارکو جانسن کا شکار بنے جب مڈل اور لیگ میں بیک آف لینتھ پل کرنے کی کوشش کے دوران گیند بلے سے ٹھیک طرح سے رابطہ نہیں کر پائی اور ربادا نے دوڑ کر ان کا کیچ لیا۔ انہوں نے 59 گیندوں میں چھ چوکے اور دو چھکے لگائے جبکہ اکشر نے چوتھے وکٹ کے لیے رن آوٹ ہونے سے قبل اپنی 31 گیندوں کی اننگز میں ایک چوکا اور چار چھکے لگائے۔
آخری اوور میں شیوم دوبے (27) رن ریٹ بڑھانے کی کوشش میں اینریچ نورکھیے کے ہاتھوں اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔ رویندر جڈیجہ (2) بھی نارکھیے کا شکار بنے۔ پانڈیا پانچ رن بنانے کے بعد ناٹ آو¿ٹ واپس لوٹے۔
دوسری اننگ میں جنوبی افریقہ نے 20 اوورز میں محض 170 رنز بنائے۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آر ہینرک نے 4 رنز بنائے، ڈیکاک نے 31 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔ہینرک کلاسین نے زبردست بلے بازی کرتے ہوئے 52 رنز بنائے، ٹی سٹبس نے 31، اے مارکرم نے محض 4، مارکو جانسن نے 2 رنز بنائے، ڈیوڈ ملر نے 21 رنز بنائے۔
ادھر بھارتی گیند بازوں میں ارشدیپ سنگھ نے 4 اوورز میں 20 رنز دے کر 2 وکٹ حاصل کئے، وہیں جسپریت بمرہ نے 4 اووز میں 18 رنز دے کر 2 وکٹ حاصل کئے۔ اکشر پٹیل نے 4 اوورز میں 49 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، ہاردک پانڈیا نے اپنی 3اوورز میں 19 رنز دے کر 3 وکٹ حاصل کئے، جبکہ رویندر جڈیجہ نے ایک اوور میں 12 رنز دیے۔