گزشتہ 10 سال میں بھارت پہلے سے کئی گنا زیادہ مضبوط ہوا: مودی

یو این آئی

رشیکیش// وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ گزشتہ 10 سال میں ان کی حکومت نے ہندوستان کو پہلے سے کئی گنا زیادہ مضبوط بنایا ہے۔

مسٹر مودی نے آج یہاں آئی ڈی پی ایل کے ہاکی گراؤنڈ میں گڑھوال ڈویژن کے پوڑی، ٹہری اور ہریدوار لوک سبھا حلقوں کے امیدواروں کی حمایت میں منعقدہ انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ملک میں کمزور اور غیر مستحکم حکومت رہی ہے، تب دشمنوں نے اس کا فائدہ اٹھایا اور دہشت گردی نے اپنے پر پھیلائے۔ آج ہندوستان میں مودی کی مضبوط حکومت ہے، اس لیے دہشت گردوں کو گھر میں گھس کر مارا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان میں مضبوط حکومت ہے، اس لیے جنگی علاقے میں بھی ہندوستان کا ترنگا سلامتی کی گارنٹی بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی کی مضبوط حکومت ہے جس نے سات دہائیوں کے بعد جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کی ہمت دکھائی، جس نے طلاق ثلاثہ کے خلاف ایک مضبوط قانون بنایا، یہ بی جے پی حکومت ہے جس نے پارلیمنٹ میں خواتین کو ریزرویشن دیا اور جس نے عام زمرے کے غریب خاندانوں کو 10 فیصد ریزرویشن دیا۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور میں فوجیوں کے پاس بلٹ پروف جیکٹس کی بھی کمی تھی۔ دشمن کی گولیوں سے حفاظت کے لیے کوئی ٹھوس انتظامات نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی ہی ہے جس نے اپنے فوجیوں کو ہندوستان میں بنی بلٹ پروف جیکٹس دی اور ان کی جان کی حفاظت کی۔