انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سرینگر میں سرکاری ملازم معطل

File Photo

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (ایم سی سی) کے رہنما خطوط کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے جمعرات کو سرینگر میں حکام نے ایک سرکاری ملازم کو معطل کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں جاری ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ”ایس کے آئی سی سی میں کام کرنے والا ایک سرکاری ملازم جاوید احمد صوفی سیاسی جماعتوں کے اجلاسوں میں شرکت اور سہولت کاری کے ذریعے انتخابی ضابطہ اخلاق کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا ہے“۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ ملازم کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ تمام سیاسی جماعتوں کے حق میں برابری کا میدان فراہم کرنے کے لیے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط کا ایک مجموعہ ہے۔
انتخابی ضابطہ اخلاق اس دن اور وقت سے نافذ ہوتا ہے جب الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ذریعہ انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جاتا ہے اور انتخابی نوٹیفکیشن کے مطابق انتخابی عمل کی تکمیل تک عمل میں رہتا ہے۔
ضلعی الیکشن آفیسر، سرینگر، ڈاکٹر بلال محی الدین نے ماڈل ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کرنے اور کسی بھی ملازم کی طرف سے کسی بھی خلاف ورزی پر سختی سے نمٹنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔