امر ناتھ یاترا: جموں سے 6500 سے زائد یاتریوں پر مشتمل قافلہ کشمیر روانہ

یو این آئی

جموں// جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے سخت سیکورٹی حصار کے بیچ منگل کی صبح زائد از ساڑھے چھ ہزار یاتریوں پر مشتمل تازہ قافلہ کشمیر کے لئے روانہ ہوا۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ بھگوتی نگر بیس کیمپ سے منگل کی صبح 6 ہزار 5 سو 37 یاتری 2 سو61 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں بالتل اور ننون پہلگام بیس کیمپوں کی طرف روانہ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ان یاتریوں میں سے 4 ہزار 4 سو 31 یاتری پہلگام جبکہ 2 ہزار 1 سو 6 یاتری بالتل بیس کیمپ کے لئے روانہ ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ بھوتی نگر بیس کیمپ سے اب تک کل 26 ہزار 1 سو 1 یاتری کشمیر کے لئے روانہ ہوئے۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 28 جون کی صبح 4 ہزار 6 سو 3 یاتریوں کے پہلے جتھے کو جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے کشمیر کے لئے روانہ کیا تھا۔
وادی میں انتظامیہ، سول سوسائٹی تنظمیوں، تجارتی یونیوں اور عام لوگوں نے یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔یاترا کو تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر انتطامات کئے گئے ہیں۔جہاں یاتریوں کو تمام سہولیات و خدمات بہم پہنچانے کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں وہیں سیکورٹی کا بھی فقید المثال بند وبست کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یاترا روٹوں پر قریب 800 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں سیکورٹی فورسز کی 500 اضافی کمپنیاں تعینات کی گئیں ہیں۔ ہر کمپنی کم از کم ایک سو اہلکاروں پر مشتمل ہے۔قابل ذکر ہے کہ 52 دنوں پر محیط یہ یاترا 19 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔