پنجاب سڑک حادثے میں 2 بچوں سمیت جموں کے 4 افراد جاں بحق

عظمیٰ ویب ڈیسک

ہوشیار پور// پنجاب کے ہوشیار پور-ٹانڈہ روڈ پر ہفتہ کو ایک نجی کار ٹرک سے ٹکرانے کے بعد دو بچوں سمیت چار افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی ہے۔
مقامی حکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے رجسٹریشن نمبر والی ایک انووا کار چندی گڑھ کی طرف جارہی تھی ، جب ہوشیار پور سے تقریباً 25 کلومیٹر دور اڈہ سرن کے قریب ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ پولیس نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور اپنی گاڑی کو پیچھے چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ کار میں سوار پانچ میں سے چار — دو مرد اور چھ اور چودہ سال کی عمر کے دو بچے — موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ کار کا ڈرائیور شدید طور پر زخمی ہو گیا ہے۔
پولیس نے مہلوکین کی شناخت فاروق، اس کے بھائی عارف، بہن نائبو اور بیٹی عرش کے طور پر کی ہے، جو تمام جموں کے رہنے والے ہیں۔ انووا کا ڈرائیور تارس شدید زخمی ہو گیا ہے اور اسے ٹانڈہ کے سول ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں سے اسے امرتسر منتقل کر دیا گیا۔ لاشوں کو دسوئہ سول ہسپتال اور رنگی رام چیریٹیبل ہسپتال ٹانڈہ بھیج دیا گیا۔
ٹانڈہ سٹیشن ہاو¿س آفیسر گرمیت سنگھ نے بتایا کہ پولیس نے کینٹر کو ہماچل پردیش کے بڈی سے ٹریس کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیور کو جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہرجیت سنگھ نے کہا کہ پولیس نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور اِس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے مفرور ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔