امرناتھ یاترا کا باقاعدہ آغاز، یاتریوں کا پہلا جتھا گپھا کی طرف روانہ

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// سالانہ امرناتھ یاترا ہفتہ کو باخابطہ طور پر شروع ہوئی جب یاتریوں کا پہلا جتھا بالتل اور ننوان بیس کیمپوں سے جنوبی کشمیر کے ہمالیہ میں 3880 میٹر اونچی گپھا کی طرف روانہ ہوئے۔
یاترا آج صبح – روایتی 48 کلومیٹر ننوان-پہلگام روٹ اور 14 کلومیٹر بالتل روٹ سے شروع ہوئی۔
حکام نے بتایا کہ راستوں پر یاتریوں کے قافلے کو متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کی صبح جموں کے بھگوتی نگر میں یاتری نواس بیس کیمپ سے 4,603 یاتریوں کے پہلے جتھے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یاتری دوپہر کو وادی کشمیر پہنچے اور انتظامیہ اور مقامی لوگوں کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
یاترا کے پرامن انعقاد کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس، سینٹرل ریزرو پولیس فورس، انڈو تبت بارڈر پولیس اور دیگر نیم فوجی دستوں کے ہزاروں سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔
43 روزہ یاترا 19 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔