منشیات سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ؛ سرینگر میں رہائشی مکان قرق

File Photo

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سرینگر کے بمنہ علاقے میں واقع 1.5 کروڑ روپے مالیت کے ایک مکان کو ضبط کر لیا ہے۔
ای ڈی کا کہنا ہے کہ یہ جائیداد جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کی سرگرمیوں کو فنڈ دینے کے لیے استعمال کیے جانے والے منشیات کے مبینہ کاروبار سے منسلک منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے حصے کے طور پر ضبط کی گئی ہے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ایک بیان میں کہا کہ ملزم عبدالمومن پیر کے خلاف کاروائی کی گئی ہے۔
منی لانڈرنگ کا معاملہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی طرف سے مومن پیر کے خلاف درج ایف آئی آر اور چارج شیٹ کے بعد درج کیا گیا ہے۔
ای ڈی کے ترجمان نے کہا کہ مومن پیر کو جموں و کشمیر پولیس نے ایک چوکی پر چیکنگ کے دوران چھ کلو ہیروئن اور 20 لاکھ روپے کی نقد رقم کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ این آئی اے نے اس کے رشتہ داروں اور ساتھیوں سے 1.15 کروڑ روپے اور 15 کلو گرام ہیروئن بھی ضبط کی ہے۔
ایجنسی نے الزام لگایا کہ پیر اپنے رشتہ داروں اسلام الحق پیر، سید افتخار اندرابی، سید سلیم اندرابی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی سرگرمیوں کو بڑھانے کے مقصد سے منشیات کی غیر قانونی تجارت میں ملوث تھے۔ جموں و کشمیر پولیس نے انہیں دو بار اسی طرح کے معاملات میں گرفتار کیا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ بمنہ، سرینگر میں ایک رہائشی مکان کی شناخت منشیات کے غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والی غیرقانونی آمدنی کے طور پر کی گئی تھی اور یہ جائیداد اُس کی اہلیہ سید صدف اندرابی کے نام پر خریدی گئی تھی۔
ایجنسی نے پریونشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (PMLA) کے تحت مکان کو قرق کرنے کا عارضی حکم جاری کیا ہے۔