انجینئر رشید کی درخواست ضمانت پر سماعت یکم جولائی تک ملتوی

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// دہلی کی ایک عدالت نے سنیچر کو سابق ایم ایل اے اور ایم پی منتخب انجینئر رشید کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت یکم جولائی تک ملتوی کر دی جب این آئی اے نے اعتراضات داخل کرنے کے لیے مزید وقت مانگا۔
تہاڑ جیل میں بند انجینئر رشید نے جموں و کشمیر کے بارہمولہ حلقہ سے لوک سبھا کا الیکشن لڑا تھا۔
انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کو دو لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی تھی۔ نتیجتاً، اپنی جیت کے بعد، انجینئر رشید نے خصوصی سیشن جج کے سامنے عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی جس میں استدعا کی کہ جس الزام کے تحت اُنہیں حراست میں لیا گیا تھا، اس میں سے نصف سے زیادہ سزا انہوں نے بھگت لی ہے۔
انہوں نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے تاکہ وہ پارلیمنٹ کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھا سکیں۔
این آئی اے کے وکیل نے ہفتہ کو پٹیالہ ہاؤس کورٹ سے ضمانت کی درخواست پر اعتراضات داخل کرنے کے لیے مزید وقت مانگا جس کے بعد عدالت نے سماعت یکم جولائی تک ملتوی کر دی۔