سرینگر میں کشتی ڈوبنے سے جانی نقصان پر افسوس، انتظامیہ ہر ممکن امداد کو یقینی بنائے گی: ایل جی سنہا

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو کہا کہ سرینگر کے گنڈبل علاقے میں دریائے جہلم میں کشتی الٹنے سے 4 افراد کی موت کے بعد وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “انتظامیہ سوگوار خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے”۔
ایل جی نے کشتی الٹنے سے جانی نقصان پر بھی دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، “میں سرینگر میں ایک کشتی حادثے کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر بہت غمزدہ ہوں۔ میرے خیالات سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں اور میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ انہیں اس بے پناہ نقصان کو برداشت کرنے کی طاقت دے”۔
انہوں نے کہا کہ ایس ڈی آر ایف، فوج اور دیگر ایجنسیوں کی ٹیم راحت اور بچاؤ کا کام کر رہی ہے۔ ایل جی نے مزید کہا، “انتظامیہ سوگوار خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے جنہوں نے اپنے عزیز و اقارب کو کھو دیا ہے اور زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مارکوس ٹیموں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ میں صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہوں اور زمین پر ٹیم کی رہنمائی کر رہا ہوں‘‘۔
یاد رہے کہ سرینگر کے گنڈبل علاقے کے قریب دریائے جہلم میں سکولی بچوں کو لے جانے والی کشتی الٹنے سے 4 افراد کی موت ہو گئی تھی، جب کہ تین دیگر ہسپتال میں زیر علاج تھے۔