آئین، جمہوری نظام پر اعتماد کرنے کیلئے لوگوں کو مبارکباد: مودی

عظمیٰ ویب ڈیسک

نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ لوگوں نے 2024 کے عام انتخابات میں حصہ لے کر آئین اور ملک کے جمہوری نظام پر اپنا غیر متزلزل اعتماد ظاہر کیا ہے۔
وزیراعظم نے یہ تبصرہ انتخابات کے بعد اپنے من کی بات ریڈیو پروگرام میں کیا۔ فروری میں عام انتخابات سے قبل اس ریڈیو پروگرام کی نشریات کو روک دیا گیا تھا۔
مودی نے کہا، “آج میں ہم وطنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمارے آئین اور ملک کے جمہوری نظام پر اپنا غیر متزلزل اعتماد ظاہر کیا”۔
انہوں نے کہا کہ 2024 کا الیکشن دنیا کا سب سے بڑا الیکشن تھا۔ اتنا بڑا الیکشن دنیا کے کسی ملک میں نہیں ہوا۔ الیکشن میں 65 کروڑ سے زیادہ لوگوں نے ووٹ دیا۔
انہوں نے الیکشن کمیشن اور انتخابی عمل سے وابستہ ہر فرد کو مبارکباد دی۔
ریڈیو خطاب کے دوران وزیر اعظم نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر درخت لگانے کے لیے شروع کیے گئے ‘ایک پیڑ ماں کے نام’ جیسے اقدامات کے بارے میں بات کی۔
مودی نے کہا، “مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ لوگ اپنی ماوں کی تصویریں شیئر کرکے دوسروں کو متاثر کرتے ہیں”۔
انہوں نے قبائلی آزادی کے جنگجو ویر سدھو اور کانہو کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے 1857 میں پہلی جنگ آزادی سے بہت پہلے 1855 میں برطانوی راج کے خلاف سنتھال بغاوت کی قیادت کی تھی۔
وزیر اعظم نے بھارتی کھلاڑیوں کی بھی ستائش کی جو اگلے ماہ پیرس اولمپکس میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے 900 سے زیادہ بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیا ہے۔
انہوں نے لوگوں سے حوصلہ افزائی کیلئے ‘cheer4Bharat’ ہیش ٹیگ استعمال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا، “ملک کو توقع ہے کہ کھلاڑی پیرس اولمپکس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے”۔