ریئل اسٹیٹ فراڈ معاملے میں سابق کانسٹیبل کے خلاف چارج شیٹ داخل

عظمیٰ ویب ڈیسک

جموں// جموں و کشمیر پولیس کی کرائم برانچ نے ہفتہ کو ایک سابق پولیس اہلکار کے خلاف زمین کا ایک پلاٹ بیچنے کے بہانے ایک خاتون سے 1.80 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کے الزام میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کرائم برانچ، جموں، بینم توش نے کہا کہ متاثرہ کی تحریری شکایت کے بعد گزشتہ سال تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ محمد افضل بیگ، جو جموں و کشمیر آرمڈ پولیس میں کانسٹیبل تھا، سرکاری ملازمت کے دوران غیر قانونی طور پر پراپرٹی ڈیلنگ میں ملوث رہا اور اس کے بعد، 2022 میں انڈین ریزرو پولیس کی 19ویں بٹالین سے استعفیٰ دے دیا۔
ایس ایس پی نے کہا کہ خاتون کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ بیگ نے جموں کے سدھرا علاقے میں اپنی دو کنال زمین 2.25 کروڑ روپے میں فروخت کی اور اس نے 1.80 کروڑ روپے پیشگی ادا کر دیے۔
خاتون نے دعویٰ کیا کہ اسے بعد میں پتہ چلا کہ زمین کسی اور کی ہے اور بیگ نے رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا۔
ایس ایس پی نے کہا کہ ابتدائی تصدیق کے بعد، ایف آئی آر درج کی گئی اور گہرائی سے تفتیش کی گئی، افسر نے مزید کہا کہ ملزم اور اس کی اہلیہ کے خلاف دھوکہ دہی اور جعلسازی کا مقدمہ ثابت ہوا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بیگ اور اُس کی اہلیہ کو سرینگر سے گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ اس کی اہلیہ کو بھی ضمانت مل گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلہ کے لیے چارج شیٹ عدالت میں داخل کر دی گئی ہے۔