31 مارچ تک غیر موافق موسم متوقع، 4 اضلاع میں برفانی تودے گرنے کا خطرہ

File Image

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جو 31 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ادھر، ڈایزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے خراب موسمی صورتحال کے درمیان جموں و کشمیر کے 4 اضلاع میں برفانی تودے گرنے کی وارننگ جاری ہے۔
جموں و کشمیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جے کے ڈی ایم اے) کے عہدیدار نے بتایا، “اگلے 24 گھنٹوں میں کپواڑہ، بانڈی پورہ، گاندربل اور بارہمولہ اضلاع میں 2400 میٹر تک درمیانے درجے کے برفانی تودے گرنے کا امکان ہے”۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں بعد ازاں 29 مارچ کی رات سے 30 مارچ کی شام تک موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارشوں کا برف باری کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد میں 31 مارچ سے 5 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔محکمے نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ اس دوران باغوں میں دوا پاشی وغیرہ جیسے کام انجام دینے سے گریز کریں۔