کپواڑہ جیل دھماکہ: ایک اور زخمی قیدی دم توڑ گیا، تعداد 2

عظمیٰ ویب ڈیسک

کپواڑہ// رواں ماہ کے شروع میں سب جیل کپواڑہ کے اندر گیس سلنڈر دھماکے سے زخمی ہونے والوں میں سے ایک اور قیدی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، جس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہوگئی۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ اسید توصیف گیلانی ولد سید محمد گیلانی ساکن چیتکھیری کرناہ کو ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سرینگر میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ آج دم توڑ گیا۔
اہلکار نے مزید کہا، ”لاش کپواڑہ پہنچ گئی ہے اور آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی ہے“۔ ذرائع نے بتایا کہ قیدی کو گزشتہ روز ہی ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 01/2023 میں ضمانت دی گئی تھی۔
یاد رہے کہ 19 جولائی 2024 کو سب جیل کپواڑہ کے اندر گیس سلنڈر دھماکے سے جیل کے 9 قیدی زخمی ہوگئے تھے۔اس سے قبل سوپور کا ایک قیدی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔