انجینئر رشید کو حلف لینے کی اجازت؛ الطاف بخاری نے خیر مقدم کیا

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر//جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے انجینئر رشید کے بطور لوک سبھا رکن حلف لینے کیلئے این آئی اے کی طرف سے دی گئی اجازت کا خیر مقدم کیا۔
بتادیں کہ این آئی اے نے بارہمولہ سے منتخب لوک سبھا ممبر انجینئر رشید کو 5 جولائی کو حلف لینے کی اجازت دی ہے تاہم اُنہیں میڈیا سے بات چیت کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
الطاف بخاری نے ایکس سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا، ” بارہمولہ لوک سبھا سیٹ سے منتخب رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید کی حلف برداری کے لیے این آئی اے کی اجازت سے متعلق پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔طویل انتظار کے بعد یہ پیشرفت شمالی کشمیر کے بہت سے ووٹروں کے لیے خوشی اور اطمینان کا باعث ہے۔ تاہم، میں ان پابندیوں کے بارے میں فکر مند ہوں جو منتخب رکن پارلیمان کو میڈیا کے ساتھ بات چیت سے روکتی ہیں، جو ہماری جمہوریت کے لیے اچھی علامت نہیں ہے”۔
نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے آزاد رکن پارلیمان انجینئر رشید کو 5 جولائی کو رکن پارلیمان کے طور پر حلف لینے کے لیے اپنی رضامندی دے دی ہے۔ یہ اجازت کچھ شرائط کے ساتھ آئی ہے، جن میں سے ایک یہ ہے کہ رشید کو میڈیا سے بات چیت نہیں کرنی ہو گی۔
رشید نے حلف برداری کی تقریب میں پارلیمنٹ میں پیش ہونے کے لیے عبوری ضمانت یا حراستی پیرول کی درخواست کی تھی۔ یہ معاملہ اب پٹیالہ ہاو¿س کورٹ کے ہاتھ میں ہے، جو 2 جولائی کو اس درخواست پر حکم جاری کرنے والی ہے۔