فاروق عبداللہ، کانگریس لیڈر پاکستان کے ترجمانوں کی طرح بات کرتے ہیں: ترون چگھ

File Photo

عظمیٰ ویب ڈیسک

جموں// بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چگھ نے پیر کو کہا کہ فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ دونوں ہی پاکستان کے ترجمانوں کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
چگھ نے کہا کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے پاک مقبوضہ کشمیر کے بھارت کا حصہ ہونے کے بیان پر سوال اٹھاتے ہوئے عبداللہ خاندان نے اپنے ملک مخالف ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اُنہوں نے کہا، ”عبداللہ خاندان کا دل اور دماغ پاکستان میں ہے اور وہ جو کچھ جموں و کشمیر میں کرتے ہیں وہ آئی ایس آئی میں اپنے آقاو¿ں کو خوش کرنے کے لیے کرتے ہیں”۔
فاروق عبداللہ کے پاکستان کے ایٹمی طاقت ہونے کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے چگھ نے کہا کہ بھارت کی فوجی طاقت پر فخر کرنے کے بجائے عبداللہ پاکستانی آئی ایس آئی کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں اسی لیے ان کے دور حکومت میں جموں و کشمیر میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔
اُنہوں نے کہا کہ عبداللہ جموں و کشمیر میں کام کرنے کا اپنا ایجنڈا پاکستان سے حاصل کرتے ہیں اور وہ وہی کرتے ہیں جو پاکستان میں ان کے آقا ان سے کرنا چاہتے ہیں۔ “یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کے زیر اہتمام دہشت گردوں کی تخریبی اور پرتشدد سرگرمیوں کی کبھی بھی مذمت نہیں کریں گے جو نہ صرف عام لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں بلکہ اپنے گولہ بارود کو سیکورٹی فورسز کے خلاف بھی استعمال کرتے ہیں”۔
چگھ نے کانگریس کے سینئر لیڈر ایس ایس چنی کو پلوامہ واقعات کے بعد پاکستانی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے سیکورٹی فورسز کی توہین کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کا پاکستانی افواج کے ساتھ اتنا ہی تعلق ہے جتنا عبداللہ کا ہے۔