عبداللہ، مفتی اور نہرو خاندانوں نے لوٹ کھسوٹ کی: ترون چگ

File Photo

عشرت حسین بٹ

پونچھ// بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سیکرٹری اور انچارج جموں و کشمیر ترون چگ نے جمعرات کو نہرو گاندھی، مفتی اور عبداللہ خاندانوں نے ملک اور جموں و کشمیر میں لوٹ کھسوٹ کی۔ چگ نے کہا کہ ان پریواروں نے جموں و کشمیر اور ملک اور جمہوریت کا گلا گھونٹا۔
پونچھ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے چگ نے کہا کہ نہرو گاندھی، عبداللہ اور مفتی خاندان ’لوک تنتر‘ نہیں بلکہ ’لوٹ تنتر‘ چلاتے رہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ان خاندانوں نے پہلے نہرو، پھر اندرا، پھر راجیو، پھر سونیا اور اب راہول گاندھی ملک کو چلانے کی کوشش کر رہے ہیں وہیں پہلے شیخ عبداللہ، پھر فاروق عبداللہ، پھر عمر عبداللہ اور اب اُن کے بیٹے، پہلے مفتی محمد سید، پھر محبوبہ اور اب اُن کی بیٹی التجا مفتی اقتدار کے پیچھے پڑی ہیں۔
فاروق عبداللہ کے پاکستان سے متعلق حالیہ بیان پر اُنہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاک مقبوضہ کشمیر کا ایک ایک انچ بھارت کا حصہ ہے۔
اُنہوں نے کہا، ” فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی جو روز پاکستان اور چین کا راگ گاتے ہیں وہ اِ ن کے کام نہیں آئے گا، جموں و کشمیر کے شہریوں کی حفاظت بھارت سرکار کرنا جانتی ہے، فاروق عبداللہ پاکستان کے ترجمان کا کام نہ کریں”۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی طاقت ملک کی عوام ہے اور وزیرِ اعظم مودی کی قیادت میں ملک مکمل طور پر محفوظ ہے۔