گاندربل میں گاڑی کی ٹکر سے 2 خواتین جاں بحق

عظمیٰ ویب ڈیسک

گاندربل// وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں جمعرات کی شام پیش آئے ایک سڑک حادثے میں 2 خواتین راہگیروں کی موت ہو گئی، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ گاندربل کے گگن گیر سونمرگ کے مقام پر ایک حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک ٹاٹا موبائل زیر نمبر JK01AS-4824 نے 2 راہگیر خواتین کو ٹکر مار کر شدید طور پر زخمی کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے پی ایچ سی کلاں گنڈ گاندربل منتقل کیا گیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا، جس کے بعد حکام نے طبی و قانونی کاروائیاں مکمل کرنے کے بعد لاشوں کو اہلِ خانہ کے سپرد کر دیا۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق خواتین کی شناخت ظریفہ زوجہ نثار احمد میر اور سبرینہ زوجہ اعجاز احمد بٹ ساکن گگن گیر کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا ہے اور ہر سو صفِ ماتم بچھ گئی ہے۔
ادھر، پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔