۔3جولائی سے خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی: ریلوے حکام

 عظمیٰ نیوز سروس

جموں// دو ماہ طویل امرناتھ یاترا کے پیش نظر، ہندوستانی ریلوے جموں کے لیے 3 جولائی سے نئی ٹرینیں شروع کرے گا۔ریلوے ذرائع نے بتایا کہ سالانہ یاترا کے لیے ملک بھر سے جموں آنے والے یاتریوں کی سہولت کے لیے، ہندوستانی ریلوے نے جموں سے چلنے والی دو تہوار خصوصی ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ ٹرین نمبر 04075-04076 نئی دہلی- ویشنو دیوی-نئی دہلی ریزرو فیسٹیول سپیشل ٹرین کے کل 18 ٹرپس میں اضافہ کیا گیا ہے اور یہ ٹرین 3 جولائی سے یکم اگست تک چلے گی۔ٹرین نئی دہلی ریلوے سٹیشن سے ہفتے میں دو بار، ہر بدھ اور اتوار، اور ویشنو دیوی کٹرہ ریلوے سٹیشن سے ہر جمعرات اور پیر کو روانہ ہوگی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نئی دہلی سے بھی ایک نئی ٹرین 3 جولائی کو شروع ہوگی، جبکہ کٹرہ سے یہ ٹرین 4 جولائی کو چلے گی اور سونی پت، پانی پت، کرنال، کروکشیتر جنکشن، امبالہ کینٹ، جالندھر کینٹ، پٹھانکوٹ کینٹ، پر رکے گی۔ اس کے ساتھ ہی، صفدرجنگ اور کیپٹن تشار مہاجن ادھم پور کے درمیان چلنے والی ہفتہ وار خصوصی ٹرین بھی پانچ اضافی دورے کرے گی اور یہ یکم جولائی سے 30 جولائی تک چلنا شروع کردے گی۔ٹرین نمبر 04141 صفدر جنگ ریلوے اسٹیشن سے ہر پیر کو چلے گی جبکہ ٹرین نمبر 04142 ہر منگل کو کیپٹن تشار مہاجن ادھم پور ریلوے اسٹیشن سے چلے گی۔