یاتریوں کی حفاظت کی خاطر ایس او پیز پر عملدرآمد ناگزیر:پولیس سربراہ

 یو این آئی

جموں// پولیس سربراہ آر آر سوین نے جمعرات کے روز کہا کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کو خو ش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر تمام تر تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ یاتریوں کی حفاظت کی خاطر ایس او پیز پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ڈی جی پولیس نے کہا’’دہشت گردی آخری سانسیں گن رہی ہیں اور عوام کے ساتھ مل کر اس سے جڑ سے اکھاڑ پھینک کر ہی دم لیں گے‘‘۔ رام بن میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران پولیس سربراہ نے کہاکہ یاترا کے لئے سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ سیول انتظامیہ نے بھی تیاریاں مکمل کیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھگوتی نگر سے پہلگام اور بالہ تل تک سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ان کے مطابق یاترا گاڑیوں کی نقل و حمل کے دوران عوام الناس کو ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا ہمیں اس بات کی پوری علمیت ہے کہ عوام کو اس دوران دقتوں کا سامناکرناپڑسکتا ہے لیکن یاتریوں کی حفاظت کے لئے ایسا کرنا ضروری بن گیا ہے۔ڈوڈہ تصادم کے بارے میں پولیس چیف نے کہاکہ ہم دہشت گردی کے خلاف ہر حال میں جنگ جیت جائیں گے۔اس سے قبل پولیس سربراہ نے رام بن میں اعلی سطحی میٹنگ کے دوران سیکورٹی صورتحال اور جموں سرینگر شاہراہ پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔پولیس چیف نے میٹنگ کے دوران آفیسران کو ہدایت دی کہ یاترا کے دوران سری نگر جموں شاہراہ پر چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کی ضرورت ہے۔ان کے مطابق یاترا گاڑیوں کو محفوظ راہداری فراہم کرنے کی خاطر ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔